Thursday, April 25, 2024

آڈیو لیکس معاملہ، وزیراعظم نے نیشنل سکیورٹی کمیٹی کا اہم اجلاس طلب کر لیا

آڈیو لیکس معاملہ، وزیراعظم نے نیشنل سکیورٹی کمیٹی کا اہم اجلاس طلب کر لیا
September 26, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - آڈیو لیکس معاملے پر وزیراعظم شہباز شریف نے نیشنل سکیورٹی کمیٹی کا اہم اجلاس طلب کر لیا۔ آرمی چیف سمیت خفیہ ایجنسیوں کے سربراہان شریک ہونگے ادھر وزارت داخلہ نے بھی معاملے کی تحقیقات شروع کر دیں۔

وزیراعظم ہاؤس سے آڈیو لیک ہونے کا معاملہ، وزیر اعظم شہباز شریف نے معاملے پر نیشنل سکیورٹی کمیٹی کا اہم اجلاس طلب کر لیا۔ اجلاس میں آرمی چیف سمیت خفیہ ایجنسیوں کے سربراہان شریک ہونگے جس میں آڈیو لیک پر اب تک ہونے والی تحقیقات سے متعلق حکام کو آگاہ کیا جائے گا۔ بدھ کو طلب کیے گئے نیشنل سیکیورٹی کمیٹی کا اجلاس میں وفاقی وزرا سمیت کمیٹی ممبران بھی شرکت کریں گے۔

دوسری جانب وزارت داخلہ نے آڈیو لیکس تحقیقات کے لیے اعلیٰ سطح پر جے آئی ٹی تشکیل دے دی۔ جے آئی ٹی میں حساس اداروں کا ایک نمائندہ شامل ہوگا۔ مشترکہ تحقیقاتی ٹیم تحقیقات کرے گی کہ کیسے آئی ٹی ڈیٹا ہیک کیا گیا۔

جے آئی ٹیم کو اختیار ہو گا کہ وہ وزیراعظم ہاؤس کے عملے کو بھی شامل تفتیش کرے ۔۔ وزیراعظم ہاؤس میں ڈیوائسز لگائی گئیں یا موبائل سے ریکارڈنگ ہوئی اس پر بھی تحقیقات ہوں گی۔ تحقیقاتی ٹیم جائزہ لے گی کہ واقعہ کے وقت کون کون افسر وزیراعظم ہاؤس میں موجود تھا کیوں کہ وزیراعظم ہاؤس میں موبائل لے جانے کی اجازت نہیں تھی۔

ادھر وزیراعظم ہاؤس اور پی ایم آفس میں مامور سکیورٹی اہلکاروں کی نقل و حرکت بھی محدود کر دی گئی ہے۔