Friday, March 29, 2024

آڈیو لیکس کا معاملہ، قومی سلامتی کمیٹی نے تحقیقات کیلئے اختیاراتی کمیٹی کی تشکیل کی منظوری دیدی

آڈیو لیکس کا معاملہ، قومی سلامتی کمیٹی نے تحقیقات کیلئے اختیاراتی کمیٹی کی تشکیل کی منظوری دیدی
September 29, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - قومی سلامتی کمیٹی نے آڈیو لیکس کے معاملے پر تحقیقات کے لئے اعلیٰ اختیاراتی کمیٹی کی تشکیل کی منظوری دیدی۔

وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وفاقی وزراء، سروسز چیف اور اعلیٰ سول وفوجی حکام نے شرکت کی۔ کمیٹی نے آڈیو لیکس کے معاملے پر غور کیا۔

حساس اداروں کے سربراہان نے اجلاس میں وزیراعظم ہاﺅس سمیت دیگر اہم مقامات کی سکیورٹی اور سائیبر سپیس کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ سوشل میڈیا پر زیرگردش آڈیوز کے معاملے پر تحقیقات کی جا رہی ہیں ۔ اجلاس میں وزیراعظم ہاﺅس کی سکیورٹی سے متعلق بعض پہلووں کی نشاندہی کی گئی اور ان کے تدارک کے لئے فول پروف انتظامات کے بارے میں بتایا گیا۔ وزیراعظم ہاﺅس سمیت دیگر اہم مقامات، عمارات اور وزارتوں کی سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لئے ہنگامی اقدامات کئے جارہے ہیں۔

اجلاس میں سکیورٹی ، سیفٹی اور سرکاری کمیونیکیشنز کے محفوظ ہونے کو یقینی بنانے کا جائزہ لینے پر بھی اتفاق کے بعد وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کی سربراہی میں آڈیو لیکس کے معاملے پر تحقیقات کے لئے اعلی اختیاراتی کمیٹی تشکیل دینے کی منظوری دی۔

اجلاس نے 14 جون 2022 سے ملک بھر میں سیلاب سے ہونے والی اموات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کیا اور فاتحہ خوانی کی۔