Saturday, April 20, 2024

آڈیو لیک میں حکومت کا کوئی کردار نہیں، آڈیو لیک کرنی ہوتی تو اپنی کیوں کرتا، وزیراعظم شہباز شریف

آڈیو لیک میں حکومت کا کوئی کردار نہیں، آڈیو لیک کرنی ہوتی تو اپنی کیوں کرتا، وزیراعظم شہباز شریف
October 6, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - وزیراعظم شہباز شریف کہتے ہیں کہ آڈیو لیک میں حکومت کا کوئی کردار نہیں، آڈیو لیک کرنی ہوتی تو اپنی کیوں کرتا۔

جمعرات کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان اور حواریوں نے قوم کا وقت برباد کیا، سائفر کے معاملے پر ملک اور قوم کے بدترین بدیانتی کی گئی، اتحادی حکومت پر الزامات لگائے گئے۔

وزیراعظم بولے کہ سازش کا تانا بانا عمران خان سے مل چکا ہے، عمران خان کی سازش کے ثبوت موجود ہیں، میں نے کہا تھا سازش ثابت ہو جائے تو ہمیں پھانسی پر چڑھا دیا جائے۔

اُنہوں نے کہا کہ میں دوسرے ممالک سے خیرات مانگتا ہوں، ضرورت پڑنے پر ملک کے لیے میں کسی بھی ملک کے گھٹنے پکڑ لوں گا۔ وزیرخزانہ اسحاق ڈار محنتی اور ایماندار شخص ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ آرمی چیف کی تعیناتی کا عمل آئین و قانون میں درج ہے، اسی حوالے سے فیصلہ ہوگا۔ نوازشریف کا جب علاج مکمل ہوگا تو ضرور آئیں گے، میں بھی جب لندن گیا تھا تو ان کی تیمار داری کے لیے ہی گیا تھا۔

اُن کا کہنا تھا کہ ہم نے اپنی سیاست کو داؤ پر لگا کر پاکستان کو بچایا ہے، یہ ملک کی بہت بڑی خدمت ہے کوئی چھوٹی بات نہیں، ہم جب حکومت میں آئے تو رمیز راجہ بھی نئے چیئرمین پی سی بی بنے تھے، انہیں پورا موقع ملنا چاہئے، 5 ماہ کوئی زیادہ وقت نہیں ہوتا۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن نے فارن فنڈنگ کیس میں عمران نیازی کے صادق اور امین ہونے کا دعویٰ ختم کردیا۔