Saturday, April 27, 2024

92نیوز کی ڈالر بائیکاٹ مہم پر سوشل میڈیا صارفین کا لبیک

92نیوز کی ڈالر بائیکاٹ مہم پر سوشل میڈیا صارفین کا لبیک
May 20, 2019
لاہور (92نیوز ) 92نیوز  کی جانب سےڈالربائیکاٹ کی مہم پرسوشل میڈیا صارفین نے لبیک کہہ دیا۔ معیشت کی ڈوبتی نیا کو سنبھالا دینے کےلیے  92نیوز   کی کاوش سوشل میڈیا پر مقبول  ہو گئی ، صارفین نے لبیک کہتے ہوئےڈالر بائیکاٹ  مہم کو آگے بڑھانا شروع کردیا ۔ عوام کو حقائق سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا گیا کہ  شہریوں کی طرف سے دھڑا دھڑ ڈالر کی خریداری کی وجہ سے مصنوعی بحران پیدا ہوا، پاکستانی قوم بائیکاٹ کردے تو ڈالر کے ہوش ٹھکانے آجائیں گے۔ نائنٹی ٹو نیوز کی مہم میں حصہ لیتے ہوئے ایک صارف نے ٹویٹ کیا کہ ڈالر کا بائیکاٹ کریں ترکوں کی طرح غیرت مند بنیں ۔ ایک اور صارف نے ٹویٹ کیا کہ اپنے ملک کی کرنسی کو سہارا دینے کےلئے پاکستانی کرنسی خریدو اور ڈالر کا عملی طور پہ بائیکاٹ کرو۔ ایک صارف نے تو ڈالر بیچنے کے لیے اللہ کا واسطہ دے دیا اور کہاکہ بیچ دو، اللہ کا واسطہ بیچ دو! ۔ کچھ لوگوں نے تو محب الوطنی کا ثبوت دیتے ہوئے اپنے پاس موجود ڈالر نذر آتش بھی کر دیے ۔ سوشل میڈیا پر ترکی کی مثالیں بھی دی جارہی ہیں، جہاں گذشتہ برس ڈالر نے لیرا کو آنکھیں دکھانے کی کوشش کی، مگر ترک عوام اس سے گھبرائی نہیں اور سیسہ پلائی دیوار بن کر ڈالر کے آگئے کھڑے ہوگئے، انھوں نے ثابت کیا کہ امریکی کرنسی  ان کیلئے محض ٹشو پیپر ہے، جس کے نتیجے میں چند ہی روز میں لیرا نے ڈالر کو چاروں شانے چت کردیا تھا۔ ڈالر کےخلاف سوشل میڈیا پر اٹھنے والی آواز کو عوامی سطح پر بھی سراہا جانے لگا ،شہریوں کا کہنا ہے اگر لوگ اس پر عمل کریں تو پاکستان کی کرنسی پھر سے مستحکم ہو سکتی ہے ۔ کچھ لوگوں نے کہا کہ ہمیں پاکستانی ہونے کا ثبوت دیتے ہوئے پاکستانی اشیا خریدنی چاہئیں تاکہ امپورٹ بل میں کمی آئے۔ ادھرولایتی نہیں ، میڈان پاکستان کا نعرہ بھی سوشل میڈیا پر  مقبول ہو گیا ۔ محب وطن پاکستانی 92 نیوز کی تقلید کرتے ہوئےزور و شورسے امپورٹڈ پراڈکٹس کے بائیکاٹ کی مہم چلا رہے ہیں ۔ 92نیوز کی طرف سے مقامی اشیا کو اہمیت دینے کی بات ہر پاکستانی کے دل کو لگی، سوشل میڈیا صارفین نے طبقہ اشرافیہ سے غیر ملکی پراڈکٹس کی خریداری بندکرنے کی اپیل کردی۔ سوشل میڈیا پر چین سمیت دیگر ممالک کےعوام کی مثالیں دی جارہی ہیں  جنہوں نے  معیشت لڑکھڑانے پرمقامی اشیا کو غیر ملکی پراڈکٹس  پر ترجیح دی اور ملک کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے میں بھرپورساتھ دیا۔ شہریوں کا  کہنا ہے کہ  اشرافیہ غیرملکی اشیا کا استعمال بند کرکے مقامی  پراڈکٹس خریدنا شروع کردے تو ڈالر خودبخود نیچے آجائے گا۔زرمبادلہ کے ذخائر بھی بڑھ جائیں گے سوالات اٹھ رہے ہیں کہ پاکستانی اشیا کوالٹی میں اچھی ہونے کےب اوجود صرف اسٹیٹس سمبل کےلیے کیوں بھاری سرمایہ بیرون ممالک لٹایا جارہا ہے؟،خود ملکی اشیا کی قدر کریں گے تو ہی باہر بھی قدر ہوگی۔ وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید بھی ڈالر کیخلاف 92 نیوز کی مہم کا حصہ بن گئے اور کراچی میں  خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو ملکی مصنوعات خریدنی چاہئے ۔ [caption id="attachment_224166" align="alignnone" width="500"]شیخ رشید بھی ڈالر کیخلاف 92 نیوز کی مہم کا حصہ بن گئے ‏ شیخ رشید بھی ڈالر کیخلاف 92 نیوز کی مہم کا حصہ بن گئے ‏[/caption] شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ ڈالر کی قیمت جس سطح پر گئی ہے وہ درست نہیں ہے، ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کے ذمہ دار نواز شریف اور شہباز شریف ہیں۔