Friday, April 19, 2024

92نیوز نے جج ارشد ملک کے بیان حلفی کے کردار ناصر جنجوعہ کا پتہ چلا لیا

92نیوز نے جج ارشد ملک کے بیان حلفی کے کردار ناصر جنجوعہ کا پتہ چلا لیا
July 12, 2019
 لاہور (92 نیوز) 92نیوز نے جج ارشد ملک کے بیان حلفی کے کردار ناصر جنجوعہ کا پتہ چلا لیا۔ ذرائع کے مطابق ناصر جنجوعہ اسلام آباد کی کاروباری شخصیت ہیں۔ ناصر جنجوعہ کا شمار نواز شریف کے قریبی ساتھیوں میں ہوتا ہے۔ ذرائع کے مطابق ناصر جنجوعہ اسلام آباد کی کاروباری شخصیت اور مڈجیک کنسٹرکشن کمپنی کے مالک ہیں۔ ارب پتی شخصیت ناصر جنجوعہ کا شمار نوازشریف کے قریبی ساتھیوں میں ہوتا ہے۔ وہ نہ صرف اسلام آباد میں بلکہ رائیونڈ میں جا کر بھی میاں نواز شریف کے ساتھ خفیہ طریقے سے اکیلے میں ملتے تھے۔ وہ نوازشریف کے خصوصی طیارے میں سفرکرتے رہے اور دو ہزار سولہ میں ان کے ساتھ عمرہ بھی کیا۔ ذرائع کے مطابق ناصر جنجوعہ نے تیئس مئی کو کوٹ لکھپت جیل میں میاں نواز شریف کے ساتھ ون آن ون ملاقات بھی کی۔ ناصر جنجوعہ ملاقات کے بعد باہر آئے تو سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی بھی ان کے ساتھ باہر آئے تاہم شاہد خاقان عباسی سے لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران ناصر جنجوعہ کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے لاعلمی ظاہر کی۔ ارشد ملک کی جانب سے اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمع کرائے گئے بیان حلفی  میں کہا گیا کہ فروری دو ہزار اٹھارہ میں ان کی ناصر جنجوعہ سے ملاقات ہوئی۔ رائیونڈ میں ان کی ملاقات نوازشریف سے کرائی گئی، ایک بار عمرے کے موقع پر حسین نواز سے بھی ملوایا گیا۔ انہیں تعاون کرنے کی صورت میں مالامال کرنے کی پیشکشیں کی گئیں اور تعاون نہ کرنے پر دھمکیاں بھی دی گئیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ناصر جنجوعہ نے انہیں کہا مستقبل محفوظ بنانے کا سنہری موقع ہے۔ نواز شریف کو سزا سنانے والے جج کے بیان حلفی میں ناصر جنجوعہ کے تذکرے کے بعد قیاس آرائیاں ہونے لگی تھیں ۔ کہیں یہ کردار سابق مشیر قومی سلامتی لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ ناصر جنجوعہ تونہیں؟