Monday, May 13, 2024

92 نیوز کی خبر پر ایکشن ، ایف 9 پارک گروی رکھنے کی تجویز مسترد

92 نیوز کی خبر پر ایکشن ، ایف 9 پارک گروی رکھنے کی تجویز مسترد
January 26, 2021

اسلام آباد (92 نیوز)وفاقی کابینہ نے قرض لینے کے لیے سرکاری املاک گروی رکھنے کی سمری مسترد کر دی ، ایف نائن پارک کو کسی صورت گروی نہیں رکھیں گے ۔ وزیر اعظم نے کابینہ اجلاس میں استفسار کیا کہ یہ تجویز کس نے اور کیوں تیار کی ، وفاقی وزراء نے بھی معاملہ پر کھل کر مخالفت کی اور کہا کچھ گروی ہی رکھنا ہے تو اسلام آباد کلب کو رکھیں ۔

وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس ہوا جس میں  92 نیوز کی 23 جنوری کی خبر پر ایکشن  لیا گیا ، وزیر اعظم نے ایف نائن پارک گروی رکھنے کی تجویز پر وزارت خزانہ کو جھاڑ پلا دی ۔اجلاس میں استفسار کیا کہ ایف 9 پارک کی تجویز کس نے اور کیوں تیار کی؟، جس پر وزارت خزانہ حکام نے جواب دیا کہ قرض کے لئے زمین ظاہر کرنا ضروری ہوتا ہے، یہ رسمی طور پر ہے۔  

ایف نائن پارک کے معاملہ پر وزراء بھی پھٹ پڑے ۔ کہا پارک کے بجائے اشرافیہ کا کلب گروی رکھیں  ، ضروری ہے تو اسلام آباد کلب کو گروی رکھ کر قرضہ لیا جائے۔

وفاقی کابینہ نے دوٹوک فیصلہ کیا کہ قرض کیلئے سرکاری املاک گروی نہیں رکھی جائیں گی اور ساتھ ہی وزارت خزانہ کی سمری مسترد کر دی ۔
نجی کمپنی نے ایف نائن پارک کی اراضی کی مالیت 930ارب متعین کی تھی۔وزارت خزانہ نے سی ڈی اے سے این او سی بھی حاصل کرلیا تھا۔
92 نیوز نے ایف نائن پارک کو گروی رکھنے کے حوالے سے 23 جنوری کو ہی خبر بریک کر دی تھی ۔
اجلاس میں براڈ شیٹ کیس ، اور ڈیزاسٹررسک مینجمنٹ  فنڈ پرتفصلی بریفنگ دی گئی ۔وزیراعظم نے براڈ شیٹ تحقیقاتی کمیشن کے لئے جسٹس عظمت شیخ کو موزوں ترین امیدوار قرار دیدیا ۔

کووڈ ویکسین کی قیمت کے تعین کا اختیار وزارت صحت کو دے دیا۔ ڈیزاسٹر رسک مینجمنٹ فنڈ وزارت موسمیاتی تبدیلی سے وزارت پلاننگ منتقل کرنے کی منظوری دیدی گئی۔