Saturday, April 20, 2024

92 نیوز کی جانب سے پاکستانیوں کو نئے سال کی مبارکباد

92 نیوز کی جانب سے پاکستانیوں کو نئے سال کی مبارکباد
January 1, 2021

لاہور (92 نیوز) پاکستان 2020 سے 2021 میں داخل ہو گیا۔ 92 نیوز کی جانب سے پاکستانیوں کو نئے سال کی مبارکباد دی گئی۔

سال 2020 بہت سے یادیں اور ان مٹ نقوش چھوڑ کر ہمیشہ کیلئے جدا ہوا ۔ نئی امیدیں ، نئے  خواب اور نئے جوش و لوے کے ساتھ سال 2021 کا آغاز ہو گیا۔ ملک بھر میں  سال نو کو بھرپورانداز میں خوش آمدید کہا گیا۔ اسلام آباد ، کراچی، لاہور اور ملتان سمیت مختلف شہر میں شاندار آتش بازی کی گئی۔

جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد میں  شہری سال نو کو خوش آمدید کہنے کیلئے سڑکوں پر نکل آئے۔ روات میں جی ٹی روڈ پر ایک شاپنگ مال پر شاندار آتش بازی کی گئی۔ شہری   دلفریب منظر کشی دیکھنے پہنچے۔ منچلے رقص بھی کرتے رہے  اور  سال نو کی آمد کا جشن مناتے رہے۔

شہر قائد کے باسی بھی سال نو کے جشن منانے میں پیچھے نہ رہے۔ رات  12 بجنے سے پہلے ہی  شہریوں کی بڑی تعداد نے  سی ویو پر ہلہ گُلہ شروع کر دیا ۔ سال نو کی آمد کے ساتھ  سی ویو پر آتش بازی کا شاندار مظاہرہ بھی  کیا  گیا۔

لاہور کے مختلف علاقوں میں منچلوں کا خوب ہلہ گلہ دیکھنے کو ملا۔ مال روڑ، لبرٹی چوک ، یادگار  سمیت مختلف علاقوں میں عوام نے سال نو کو روایتی انداز میں خوش آمدید کہا۔

سال نو پر عوام نے نیک خواہشات اور اچھی توقعات وابستہ کی ہیں ۔ عوام کی اکثریت دعا گو ہے اس سال کورونا جیسے موذی مرض کا خاتمہ ہو  اور وطن عزیز ترقی و خوشحالی کی منازل طے کرے۔

گوادر میں شہریوں نے روایتی رقص کر کے نئے سال کو خوش ا آمدید کہا۔

 ملتان، حیدر آباد، سیالکوٹ سمیت کئی مقامات پر سال نو کا جشن بھرپور انداز میں منایا گیا۔ فیصل آباد میں شاندار آتش بازی ہوئی اور 21 منزلہ کیک بھی کاٹا گیا۔

جہاں  گذشتہ سال کئی آزمائشیں اور کٹھن مراحل دیکھنے کو ملے  نئے سال کی آمد پر ہر کوئی پرامید ہے کہ حالات بہتری کی جانب گامزن ہوں گے اور یہ سال ترقی و خوشحالی کا سال ثابت ہو گا۔