جعفرآباد (92 نیوز) - 92 نیوز فاؤنڈیشن بلوچستان کے سیلاب متاثرین کی بھی آواز بن گیا، نصیرآباد ڈویژن میں ہزاروں سیلاب متاثرین میں پکا پکایا کھانا، راشن اور خیمے تقسیم کئے گئے۔
بلوچستان میں حالیہ طوفانی بارشوں اور سیلابی صورتحال کے باعث لاکھوں افراد متاثر ہوئے ہیں، نصیرآباد ڈویژن کے مختلف علاقوں میں متاثرہ افراد کھلے آسمان تلے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ سیلاب متاثرین کے لئے جہاں دیگر ادارے پیش پیش نظرآرہے ہیں وہیں 92 نیوز فاؤنڈیشن بھی بلوچستان کے سیلاب متاثرین کی آواز بن کر بارشوں اور سیلابی صورتحال سے سب سے زیاد ہ متاثرہ نصیر آباد ڈویژن پہنچ گیا، جہاں ہزاروں متاثرہ افراد میں پکا پکایا کھانا، راشن اور خیمے تقسیم کئے گئے۔
متاثرین نے مشکل کی گھڑی میں امدادی سامان کی تقسیم پر 92 نیوز فاؤنڈیشن کا شکریہ ادا کیا۔
بلوچستان کی مشکل گھڑی میں پھنسے متاثرین کی امداد اور بحالی کے لئے 92 نیوز فاؤنڈیشن کی طرح حکومت سمیت دیگر اداروں کو بڑھ چڑھ کر حصہ لینا ہوگا تاکہ متاثرین کی داد رسی ہوسکے۔