لاہور (92 نیوز) - 9 مئی کو جلاؤ گھیراؤ، جناح ہاؤس پر حملے اور توڑ پھوڑ کے کیس، انسداد دہشت گردی عدالت نے چیئرمین تحریک انصاف کو مزید 6 مقدمات میں شامل تفتیش کرنے کی اجازت دیدی۔
9 مئی کو جلاؤگھیراؤ، جناح ہاؤس پر حملہ اور توڑ پھوڑ کے کیسز میں انسداد دہشت گردی عدالت نے پولیس کو چیئرمین پی ٹی آئی کومزید 6 مقدمات میں شامل تفیش کرنے کی اجازت دیدی۔ تفتیشی افسران کی جانب سے دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ پی ٹی آئی چیئرمین عسکری ٹاور حملہ کیس، تھانہ شادمان نظر آتش کیس، ن لیگ کا آفس جلانے اور کلمہ چوک میں کنٹینر جلانے کے کیس میں ملوث ہیں۔ لہٰذا اٹک جیل میں ان سے 9 مئی کے کیسز میں تفتیش کی اجازت دی جائے۔
ادھر لاہور ہائیکورٹ میں پی ٹی آئی رہنما عالیہ حمزہ، خدیجہ شاہ سمیت دیگر کی 9 مئی واقعات میں ضمانت کیلئے دائر درخواستوں پر سماعت ہوئی۔ اسپیشل پراسیکیوٹر کی جانب سے سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کی گئی۔
عدالت نے ریمارکس دیئے کہ آپ جو ترمیمی میمو جمع کرانا چاہتے ہیں کرا دیں ان کیسز کی ریگولر ڈویژن بینچ سماعت کرے گا۔ بتا دیجئے گا پراسیکیوٹر سوموار کو پیش ہوگئے تو ٹھیک، نہیں تو عدالت فیصلہ کرے گی۔ عدالت نے درخواستوں پر مزید سماعت 28 اگست تک ملتوی کردی۔