Friday, May 3, 2024

9 مئی کے المناک واقعہ پر سستی دکھائی تو تاریخ معاف نہیں کرے گی، وزیراعظم شہباز شریف

9 مئی کے المناک واقعہ پر سستی دکھائی تو تاریخ معاف نہیں کرے گی، وزیراعظم شہباز شریف
May 24, 2023 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ 9 مئی کے المناک واقعہ پر سستی دکھائی تو تاریخ معاف نہیں کرے گی۔

عظمت شہدا کنونشن کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے بولے 9 مئی کو جناح ہاؤس اور ریڈیو پاکستان پر حملے کیے گئے، حملوں میں ملوث افراد کیخلاف قانون کے مطابق کاروائی کی جائے گی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اپنی افواج کیخلاف کوئی نعرہ نہیں لگنے دیں گے، پاک فوج کے جوانوں نے دہشتگردی کا بہادری سے مقابلہ کیا، شہدا نے ہمارے بچوں کو یتیم ہونے سے بچایا، ملک کے تئیس کروڑعوام شہدا کا احترام کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کی گرفتاری ایک کرپشن کے کیس میں ہوئی، سیاسی کارکن ہمیشہ اپنے لیڈرکیلئےپرامن احتجاج کرتے ہیں۔

عظمت شہدا کنونشن میں شہیدوں کی مائیں سانحہ 9 مئی پر زار و قطار روتی رہیں، وزیر اعظم شہباز شریف شہدا کی ماؤں کو دلاسہ دیتے ہوئے خود بھی آبدیدہ ہو گئے۔

وزیراعظم کنونشن سنٹر اسلام آباد میں تقریب میں شریک شہدا کی ماؤں کے پاس ان کی نشستوں پر پہنچے، وفاقی وزرا مریم اورنگزیب اور احسن اقبال نے بھی شہدا کی ماؤں کو دلاسہ دیا، کنونشن میں وفاقی وزرا، معاونین، ارکان پارلیمنٹ اور سیاسی رہنماؤں نے شرکت کی۔ شہدا کے متعلق ڈاکیومنٹریز دیکھ کر شرکا کی آنکھیں نم ہو گئیں۔