Tuesday, April 23, 2024

9 محرم الحرام، ملک بھر میں شہدائے کربلا کی یاد میں مجالس کا اہتمام، جلوسوں برآمد

9 محرم الحرام، ملک بھر میں شہدائے کربلا کی یاد میں مجالس کا اہتمام، جلوسوں برآمد
August 8, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) – امام حسین علیہ السلام اور انکے ساتھیوں کی عظیم قربانیوں کی یاد میں ملک بھر میں نویں محرم الحرام کی مجالس کا اہتمام اور جلوسوں نکالے گئے ہیں۔ اس حوالے سے سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

لاہور میں شبیہہ ذوالجناح کا مرکزی جلوس پانڈو سٹریٹ اسلام پورہ سے برآمد ہوکر مقررہ راستوں پر گامزن ہے۔ جلوس میں عزادار اور زائرین کی بڑی تعداد شریک ہے۔ جلوس کے شرکاء سراج بلڈنگ چوک پر نماز ظہرین ادا کرینگے۔ جلوس اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا پانڈوا سٹریٹ پر اختتام پذیر ہوگا۔

پشاور میں مرکزی جلوس امام بارگاہ حسینیہ ہال صدر سے برآمد ہوا، جلوس کے روٹ کو جانے والے تمام داخلی راستے بند ہیں، سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

کراچی میں مرکزی جلوس نمائش چورنگی سے کچھ دیر بعد نکالا جائے گا، سکھر میں شہدائے کربلا کی یاد میں روہڑی میں قدیمی جلوس برآمد ہوا، صبح سویرے نکلنے والا جلوس منڈو کھبڑ پہنچ گیا، بڑی تعداد میں عزادار موجود ہیں۔

ملتان میں 9 محرم الحرم کا مرکزی ماتمی جلوس امام بارگاہ ممتاز آباد سے برآمد ہوگا، جو امام بارگاہ ممتاز آباد ہی اختتام پذیر ہوگا۔ فیصل آباد میں 9 محرم کے 93 جلوس، 38 مجالس بھی برپا ہوں گی، جن کی نگرانی 3 سو پولیس اہلکار، 5 سو رضاکار کریں گے۔

سیالکوٹ میں 9 محرم کے 57 جلوس نکالے جارہے ہیں، 119 مقامات پر مجالس کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔ 2 ہزار سے زائد پولیس اہلکار سکیورٹی فرائض سرانجام دیں گے۔

لاہور، کراچی، اسلام آباد، ملتان سمیت 70 سے زائد اضلاع میں موبائل فون سروس جزوی طور پر بند ہے، ڈبل سواری پر بھی پابندی ہے۔