Wednesday, April 24, 2024

9 فلسطینیوں کی شہادت، امریکا کی فریقین سے صبر وتحمل کا مظاہرہ کرنے کی اپیل

9 فلسطینیوں کی شہادت، امریکا کی فریقین سے صبر وتحمل کا مظاہرہ کرنے کی اپیل
January 27, 2023 ویب ڈیسک

واشنگٹن (92 نیوز) - فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر جنین پناہ گزین کیمپ میں اسرائیلی فوج کی منظم کارروائی میں نو فلسطینیوں کی شہادت کے بعد امریکا نے فریقین سے صبر وتحمل کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کی ہے۔

امریکی وزیرخارجہ انٹونی بلنکن آئندہ ہفتے مصر، مقبوضہ مغربی کنارے اور اسرائیل کا دورہ کریں گے، جہاں وہ اسرائیلی آپریشن کے نتیجے میں تشدد کے خاتمے پر زور دیں گے۔ اس کارروائی میں کم سے کم 9 فلسطینی شہید اور دو درجن کے قریب زخمی ہو چکے ہیں۔

امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے کہا کہ بلنکن اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو اور فلسطینی صدر محمود عباس سے ملاقات کریں گے اور دونوں فریقوں پر کشیدگی کم کرنے کے لیے اقدامات کی ضرورت پر زور دیں گے، تاکہ تشدد کو ختم کر کے معصوم جانوں کا ضیاع روکا جا سکے۔

امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق بلنکن کا دورہ اتوار 29 جنوری کو شروع ہو گا اور منگل 31 جنوری تک جاری رہے گا۔