Saturday, May 11, 2024

89 ادویات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان، 85 میں اضافے پر غور کی ذمہ داری ایچ ٹی ایف کے سپرد

89 ادویات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان، 85 میں اضافے پر غور کی ذمہ داری ایچ ٹی ایف کے سپرد
December 26, 2019
اسلام آباد (92 نیوز) وزارت صحت ادویات کی قیمتوں پر وفاقی کابینہ کو مطمئن نہ کرسکی، 89 ادویات کی قیمتوں میں کمی کے اعلان کے ساتھ ہی 85 ادویات کی قیمتوں میں اضافے پر غور کرنے کی ذمہ داری ہیلتھ ٹاسک فورس (ایچ ٹی ایف) کے حوالے کردی گئی۔ عوام کو 89 ادویات کی قیمتوں میں کمی کا جھانسہ دیا گیا، کمی پہلے ہی 19 جون 2019 کی جا چکی ہے، ڈرگ کنٹرول اتھارٹی حکام فارما کمپنیوں سے ملی بھگت کرکے قیمتوں میں ہر چھ ماہ بعد اضافہ کر دیتے ہیں۔ جن 85 ادویات کی قیمتوں میں اضافے کا کہا جارہا ہے ان میں اینٹی بائیوٹک، الرجی، دمہ، ٹی بی، کھانسی کے سریپ سمیت درد کی شدت کم کرنے والی ادویات شامل ہیں، لوکل کمپنیاں 15 فیصد کمی کے باوجود پچاس فیصد منافع کما سکیں گی۔ حکومت کے اعلان کے باوجود شہری مہنگے داموں ادویات خریدنے پرمجبورہیں، حکومت نے 89 ادویات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کیا تھا لیکن میڈیکل اسٹور مالکان کہتے ہیں کہ ادویات کی قیمتوں میں کمی کیلئے 2 سے 3 ماہ انتظارکرنا ہوگا۔