Friday, April 19, 2024

82 واں یوم پاکستان کل شایان شان طریقے سے منایا جائیگا، مسلح افواج کی فل ڈریس ریہرسل

82 واں یوم پاکستان کل شایان شان طریقے سے منایا جائیگا، مسلح افواج کی فل ڈریس ریہرسل
March 22, 2022 ویب ڈیسک

راولپنڈی (92 نیوز) - 82 واں یوم پاکستان کل شایان شان طریقے سے منایا جائے گا۔ مسلح افواج کی پریڈ کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔ پریڈ گراؤنڈ میں فل ڈریس ریہرسل کی گئی۔

پاکستان کی آزادی کی ڈائمنڈ جوبلی سال ہونے کی وجہ سے 82 واں یوم پاکستان اور پریڈ منفرد و خاص ہے۔ تینوں مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے دستے پریڈ کا حصہ ہوں گے۔

پریڈ میں جدید ترین جے ٹین سی لڑاکا طیارے پہلی بار فلائی پاسٹ کریں گے، اس سال یوم پاکستان کا تھیم "شاد رہے پاکستان"  ہے۔

آرمرڈ کور، آرٹلری، ایر ڈیفنس انجینرز کے دستے دشمن پر ہیبت طاری کرنے والے سامان حرب کے ساتھ پریڈ کا حصہ ہیں۔ میزائل، یو اے وی پاکستان کے ناقابل تسخیر دفاع کی علامت کے طور پر پریڈ کا حصہ ہیں۔ ایس ایس جی کے کمانڈوز فری فال کا مظاہرہ پیش کریں گے۔

چاروں صوبوں، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان کے ثقافتی فلوٹس بھی تقریب کو چار چاند لگائیں گے۔ او آئی سی کے وزرائے خارجہ اجلاس کے شرکاء کو بھی یوم پاکستان پریڈ میں خصوصی طور پر مدعو کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے او ای سی کا فلوٹ خصوصی طور پر شامل ہے۔