Sunday, September 8, 2024

مجھے اسٹیبلشمنٹ کی ضرورت نہیں، چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان

مجھے اسٹیبلشمنٹ کی ضرورت نہیں، چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان
March 9, 2023 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کہتے ہیں کہ مجھے اسٹیبلشمنٹ کی ضرورت نہیں، جس کے ساتھ عوام ہوں، اسے بیساکھیاں درکار نہیں ہوتیں۔

بی بی سی کو انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ صرف ملک میں انتخابات کا انعقاد چاہتا ہوں اور اس کے لیے کسی سے بھی بات کرنے کو تیار ہوں۔ سیاسی آدمی ہوں، سب سے بات کروں گا، سوائے چوروں کے۔

چیئرمین تحریک انصاف نے اس خدشہ کا بھی اظہار کیا کہ مخالفین انہیں نااہل کروا کر جیل میں ڈالنا چاہتے ہیں۔ چند ماہ میں ہونے والے 37 ضمنی انتخابات تحریک انصاف جیت چکی ہے۔ ان کی شہرت تو یہ ہے کہ یہ خود سڑکوں پر نکل نہیں سکتے۔ ان کی کوشش یہ ہے کہ الیکشن نہ ہوں۔

عمران خان نے کہا نگران حکومت کا کام ہوتا ہے انتخابات کروانا، یہ ہمیں کیسے روک سکتے ہیں، اگر الیکشن کروانے ہیں تو انتخابی مہم اور ریلی کے بغیر الیکشن کیسے ہو سکتے ہیں۔

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے زمان پارک میں سینئر صحافیوں نے ملاقات کی، عمران خان نے کہا کہ حکمران انتخابات سے راہ فرار اختیار کر رہے ہیں، 90 دن میں انتخابات نہ ہوئے تو ملک میں آئین و قانون نہیں رہے گا۔ 8 مارچ کے واقعات 25 مئی کا پارٹ ٹو تھا۔ کل کے واقعہ میں وہی آفیسرز ملوث ہیں جو 25 مئی کو ملوث تھے۔ ان کا پلان ہے یہ ہے عمران خان گرفتار ہو یا نااہل جس کے بعد ہی الیکشن کروائیں۔ مجھے نااہل کریں یا گرفتار میچ ہم جیت چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ زبردستی گراؤنڈ میں کھیل رہے ہیں۔ یہ الیکشن سے بھاگ رہے ہیں اور مجھ پر حملے کی کوشش کررہے ہیں۔ دفعہ 144 ختم ہوگئی ہے ہم دوبارہ سڑکوں پر نکلیں گے، جلد انتخابی جلسے شروع کرنے جارہے ہیں۔

عمران خان کا کہنا ہے کہ ان کا پلان ہے کہ عدلیہ کے خلاف مہم چلائیں، یہ منصوبہ کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

چیئرمین پی ٹی آئی مزید بولے 90 روز میں الیکشن نہ ہوئے تو ملک میں آئین قانون نہیں رہے گا، عمران خان کا کہنا تھا کہ جس انداز سے پرچے درج ہو رہے ہیں لگتا ہے، میرے خلاف مقدمات کی جلد سنچری کرنے والے ہیں۔