Friday, March 29, 2024

700ارب ڈالر کی منی لانڈرنگ کی تفصیلات مل گئیں، شہزاد اکبر

700ارب ڈالر کی منی لانڈرنگ کی تفصیلات مل گئیں، شہزاد اکبر
November 12, 2018
اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر کا کہنا ہے کہ 700 ارب ڈالر کی منی لانڈرنگ کی تفصیلات مل گئیں۔ جلد ریفرنس دائر کرنے کا بھی اعلان کر دیا جائے گا۔ منی لانڈرنگ پر وزیراعظم کے معاونین خصوصی کی پریس کانفرنس ہوئی۔  شہزاد اکبر نے بتایا تقریباً دس ممالک سے منی لانڈرنگ معلومات حاصل کر لیں۔ پاکستان سے 5.3 کروڑ ارب ڈالر باہر لے جائے گئے۔ انہوں نے کہا کہ  5 ہزار سے زائد جعلی اکاؤنٹس کا سراغ بھی لگایا گیا۔ سیاستدانوں کے بیرون ملک اقاموں پر معاون خصوصی برائے احتساب کا کہنا تھا کہ لوٹی ہوئی دولت کو چھپانے کے لیے سابق حکمرانوں نے اقامے بنوائے۔ ہم تمام اقامہ ہولڈرز کی تفصیلات دبئی انتظامیہ سے لے رہے ہیں۔ جن لوگوں نے دبئی اور یورپی بینکوں میں پیسے چھپا رکھے ہیں وہ چھپ نہیں سکیں گے۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے میڈیا افتخار درانی نے کہا 15 ارب ڈالر کی صرف دبئی میں پراپرٹی بنائی گئی۔ تمام ادارے اپنے دائرے میں رہ کر کام کر رہے ہیں۔ ہم نے کسی کے خلاف کیس نہیں کیا۔ اگر کسی کے خلاف مقدمہ درج کریں گے تو پہلے بتائیں گے۔ پی اے سی کی چیئرمین شپ پر سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ چور  کو چوکیداری پر نہیں بٹھایا جاسکتا۔ جس پر نیب مقدمات ہوں گے اس کو چیئرمین شپ نہیں دی جائے گی۔