Friday, January 27, 2023

700سے زائد حجاج کرام آج وطن واپس پہنچیں گے، ترجمان پی آئی اے

700سے زائد حجاج کرام آج وطن واپس پہنچیں گے، ترجمان پی آئی اے
ریاض (92 نیوز) سعودی عرب سے پاکستانی عازمین حج کی واپسی کا سلسلہ آج سے شروع ہو رہا ہے۔ ترجمان پی آئی اے کے مطابق 700 سے زائد حجاج کرام آج وطن واپس پہنچیں گے ۔ پاکستان حج مشن کے ڈائریکٹرڈاکٹرساجد یوسفانی کےمطابق آج سے روزانہ آٹھ سے بارہ فلائٹس پاکستان روانہ ہونگی ۔ اس سلسلے میں جدہ کے حج ٹرمینل سے پہلی پرواز دوسوچھپن حجاج کو لیکر روانہ ہو گی۔ حج فلائٹس کا یہ سلسلہ پچیس ستمبر تک جاری رہے گا۔ ساجد یوسفانی کے مطابق سعودی عرب میں موجود تمام حجاج کو گروپس کی شکل میں ایئر پورٹ روانہ کیا جائے گا۔ عازمین حج میں پاکستان کے ایک لاکھ چوراسی ہزارعازمین شامل ہیں ۔ رواں سال دنیا بھرسے بیس لاکھ عازمین نے حج کی سعادت حاصل کی جنہیں مکہ مکرمہ سے بسوں کے ذریعے منیٰ لایا گیا۔ منی میں حد نگاہ خیموں کا شہر آباد ہوگیا جو پانچ دن تک جاری رہا۔ عازمین اتوار کو سارا دن قیام کے بعد پیر کی صبح حج کے رکن اعظم وقوف عرفہ کے لئے میدان عرفات پہنچے۔ سعودی وزارت داخلہ کے مطابق امسال 2 لاکھ سے زائد داخلی عازمین کو فریضہ حج کی ادائیگی کےلئے پرمٹ جاری کئے گئے ۔ جدہ کے مختلف مقامات سے داخلی عازمین کی روانگی کا سلسلہ رات گئے تک جاری رہا ۔ داخلی عازمین کوحج خدمات فراہم کرنے والے بعض اداروں نے اپنے عازمین کو 7 ذوالحجہ کی شام ہی مکہ مکرمہ پہنچا دیا تھا جہاں سے وہ طواف القدوم کے بعد رات گئے منی روانہ ہوئے۔ مناسک حج  کیلئے سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ۔ دس ہزار فوجی  اور تین ہزار پولیس اہلکار حفاظت پر مامور رہے جبکہ رائل فورس کے دس ہیلی کاپٹر اہم مقامات پر  فضائی نگرانی کرتے رہے ۔