Sunday, September 8, 2024

سرحد پر کشیدگی‘ 7 پاکستانی فوجی شہید‘ درجنوں بھارتی فوجی جہنم واصل

سرحد پر کشیدگی‘ 7 پاکستانی فوجی شہید‘ درجنوں بھارتی فوجی جہنم واصل
November 14, 2016
اسلام آباد (92نیوز) بھارت کا پاگل پن حد سے بڑھ گیا۔ بھمبر سیکٹر پرپھر بلااشتعال فائرنگ کر دی۔ دشمن فوج کا مقابلہ کرتے ہوئے پاک فوج کے 7جوان شہید ہو گئے۔ جوابی کارروائی میں درجنوں بھارتی فوج ہلاک‘ کئی چوکیاں تباہ۔ پاکستان کا شدید احتجاج۔ بھارتی ہائی کمشنر کو طلب کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق بھارت نے سرحد کا امن غارت کر دیا۔ کنٹرول لائن ہو یا ورکنگ باونڈری دونوں محاذوں پر امن کے دشمن کی توپیں اور بندوقیںلگاتار بارود اگل رہی ہیں۔ طاقت کے نشے میں چور بھارتی فوج نے رات کے اندھیرے میں کنٹرول لائن کے سیکٹر بھمبر پر ایک بار پھر بزدلانہ وار کر دیا۔ بلاوجہ سویلین آبادی کو نشانہ بنایا۔ پاک سرزمین کے رکھوالوں نے دشمن کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔ ترجمان آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج سے لڑتے ہوئے پاک فوج کے 7جوان شہادت کے عظیم رتبے پر فائز ہو گئے۔ پاک فوج نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے دشمن کے مورچوں کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں بھارتی فوج کی کئی چوکیاں تباہ ہو گئیں۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فوج کے دندان شکن جواب میں بھارتی فوج کے درجنوں فوجی ہلاک ہو گئے۔ بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ میں پاک فوج کے 7جوانوں کی شہادت پر پاکستان نے شدید احتجاج کیا ہے۔ دفتر خارجہ نے بھارتی ہائی کمشنر گوتم بمبانوالا کو طلب کرنے کا فیصلہ بھی کر لیا۔ دوسری جانب وزیردفاع خواجہ آصف کاکہنا ہے کہ پاکستان جنگ نہیں چاہتا تا ہم کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جا رہا ہے۔ نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمشنر نے بھی بلااشتعال فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت مسئلہ کشمیر سے توجہ ہٹا نا چاہتا ہے۔