Saturday, May 11, 2024

61 فیصد تاجروں نے کاروباری حالات کو ساز گار قرار دیدیا، گیلپ سروے

61 فیصد تاجروں نے  کاروباری  حالات کو ساز گار قرار دیدیا، گیلپ سروے
February 24, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) 61 فیصد تاجروں نے ملک میں کاروباری حالات کو سازگار قرار دے دیا جبکہ 39 فیصد کے مطابق حالات ٹھیک نہیں ہیں۔ گیلپ پاکستان نے نیا سروے جاری کردیا۔

عوامی آراء جاننے کے حوالے سے معروف ادارے گیلپ پاکستان کے نئے سروے کے مطابق  ملک میں 61 فیصد تاجروں نےکاروباری حالات کو سازگار قرار دیا ہے جب کہ 39 فیصد کے مطابق حالات ٹھیک نہیں ہیں۔سروے میں 400 سے زائدکاروباری شعبوں کی آراء کو شامل کیا گیا ہے ۔

مینوفیکچرنگ میں کاروباری حالات کو اچھا کہنے والوں کی شرح 68 فیصد، خدمات میں 58 فیصد جب کہ تجارت میں 52 فیصد نے کاروباری حالات کے اچھا ہونے کے حق میں رائے دی۔

مستقبل میں کاروباری حالات میں بہتری کی 72 فیصد تاجروں نے امید ظاہر کی جب کہ 28 فیصد نے مایوس ہونے کا کہا۔البتہ مستقبل میں کاروبار میں بہتری کا نیٹ اسکور دوسری سہ ماہی کے مقابلے میں 58 فیصد سے کم ہوکر 44 فیصد ہوگیا ہے ۔

مستقبل سے پُر امید ہونے والے شعبوں میں تجارت 84 فیصد کے ساتھ سرفہرست رہا ، خدمات میں 73 فیصد جب کہ مینوفیکچرنگ سے منسلک 72 فیصد تاجروں نے مستقبل میں کاروباری حالات میں بہتری کی امید ظاہر کی۔

سندھ سے 83 فیصد نے مستقبل میں کاروبار میں بہتری کی امید کی ، پنجا ب سے 70 فیصد ، جب کہ خیبرپختونخوا اور بلوچستان سے 67 فیصد نے مستقبل میں کاروباری حالات میں بہتری کےلیے پُر امید ہونےکا کہا۔

گیلپ پاکستان کے مطابق سروے میں ملکی سمت درست سمجھنے والوں کی شرح 53 فیصد جب کہ سمت غلط ہونےکا کہنے والوں کی شرح 47 فیصد نظر آئی۔

وبائی بنیادوں پر دیکھا جائے تو سندھ میں 72 فیصد تاجروں نے ملکی سمت درست ہونے کا کہا، خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں یہ شرح 50 فیصد جب کہ پنجاب میں یہ شرح 48 فیصد نظر آئی۔