Monday, September 16, 2024

پانچ فروری کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کا دن، بھارت نے اقوام متحدہ کی قراردادوں سےمنحرف ہو کر ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کیا: وزیراعظم

پانچ فروری کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کا دن، بھارت نے اقوام متحدہ کی قراردادوں سےمنحرف ہو کر ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کیا: وزیراعظم
February 5, 2016
لاہور(نائنٹی ٹو نیوز) آج پاکستان سمیت دنیا بھر میں کشمیریوں سے یکجہتی کا دن منایا جا رہا ہے۔ مقبوضہ وادی میں مکمل ہڑتال ہے جبکہ جگہ جگہ ریلیاں اور جلوس نکال کر آزادی کی تحریک میں جان کا نذرانہ پیش کرنے والوں کو خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔ تفصیلات کےمطابق یوم یکجہتی کشمیر پر مقبوضہ وادی میں ہڑتال اور پہیہ جام کا اعلان کیا گیا ہے جبکہ بھارتی مظالم کے خلاف کنٹرول لائن کے دونوں طرف اور مختلف شہروں میں مظاہرے بھی کئے جائیں گے۔ غاصب بھارتی فوج مقبوضہ وادی میں ایک لاکھ نہتے کشمیریوں کو شہید کر چکی ہے جس کے خلاف دنیا بھر میں کشمیری آج احتجاج کرینگے۔ پاکستان میں بھی کشمیریوں سے اظہاریکجہتی کےلیے ریلیاں اورجلوس نکالے جائیں گے جبکہ پاکستان اور آزاد کشمیر کو ملانے والے کوہالہ پل پرانسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائی جائے گی۔ وزیراعظم نوازشریف کا کہنا ہے کہ بھارت نے اقوام متحدہ کی قراردادوں سے منحرف ہو کر ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کیا۔ نیویارک میں اقوام متحدہ کی عمارت کے سامنے کشمیری اورپاکستانی کمیونٹی مظاہرہ کرے گی ادھر حریت رہنماؤں نے اقوام متحدہ، یورپی یونین اور اسلامی تعاون کی تنظیم پر زور دیا کہ وہ کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل میں اپنا کردار ادا کریں۔ اس سے قبل وفاقی وزارت داخلہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹی فکیشن کے مطابق ہر سال کی طرح اس برس بھی ملک بھر میں 5 فروری کو عام تعطیل ہوگی اور تمام سرکاری، نیم سرکاری اور نجی ادارے بند رہیں گے۔ ملک بھر میں کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے لئے صبح 10 بجے ایک منٹ کے لئے خاموشی اختیار کی جائے گی۔