Saturday, April 27, 2024

5سال اسمبلیوں میں گزارنے والے امیدواروں کا عوامی عدالت میں احتساب جاری

5سال اسمبلیوں میں گزارنے والے امیدواروں کا عوامی عدالت میں احتساب جاری
July 2, 2018
ملتان (92 نیوز) گزشتہ انتخابات میں بڑے بڑے دعوے کر کے غائب ہونے والے سیاستدانوں کو ووٹرز نے ریمانڈ پر لے لیا۔ ملتان کے اسکولوں میں سہولیات کے فقدان پر طلبا کا عوامی نمائندوں کے خلاف انوکھا احتجاج ہوا۔ طلبا شاہ محمود قریشی، سکندر بوسن اور دوسرے سیاستدانوں کے ماسک پہن کر سڑکوں پر نکل آئے۔ کہتے ہیں جو تعلیم پر توجہ دے گا ووٹ اسے ملے گا۔ نوشہرو فیروز میں ووٹرز نے آئینہ دکھایا تو پیپلز پارٹی کے امیدوار برا مان گئے۔ ووٹرز کے چبھتے سوالات پر تلخ جملوں کا تبادلہ بھی ہوا۔ مظفر گڑھ میں  سڑک کی تعمیر کا منصوبہ مکمل نہ ہونے پر سابق ایم این اے سلطان ہنجرا اور ن لیگی امیدوار قاسم ہنجرا کے خلاف شہریوں نے شدید احتجاج کیا۔ مظاہرین نے الزام عائد کیا کہ ن لیگی امیدواروں نے کرپشن کا بازار گرم کر رکھا ہے۔ خیبر ایجنسی کی تحصیل جمرود میں پی ٹی آئی کے امیدوار نورالحق قادری مظاہرین کے ہتھے چڑھ گئے۔ لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاج کرتے لوگوں نے سابق ایم این اے کی گاڑی روک لی۔