Wednesday, April 24, 2024

50 برس میں پہلی مرتبہ رات کے وقت 4 خلابازوں کی سمندر میں لینڈنگ

50 برس میں پہلی مرتبہ رات کے وقت 4 خلابازوں کی سمندر میں لینڈنگ
May 2, 2021

فلوریڈا (ویب ڈیسک) کئی ماہ سپیس سٹیشن پر گزارنے والے چار خلا باز اپنے سپیس ایکس کریو ڈریگون کیپسول کے ذریعے اتوار کو علی الصبح فلوریڈا کے قریب سمندر میں اترے تو یہ گزشتہ 50 برسوں میں پہلی بار تھا کہ رات کے وقت خلا باز یوں زمین پر پہنچے ہوں۔

خبر رساں ادارے نے امریکی خلائی تحقیقاتی ادارے ناسا کے حوالے سے بتایا ہے کہ زمین پر پہنچنے والے افراد کا کہنا ہے کہ وہ انٹریشنل سپیس سٹیشن پر تقریبا چھ ماہ پر مشتمل مشن کے بعد زمین پر پہنچنے کے بعد بہتر محسوس کر رہے ہیں۔

پانامہ شہر کے قریب خلیج میکسیکو میں اترنے والا کیپسول زمین پر علی الصبح دو بج کر 56 منٹ پر اترا تو اس وقت اسے بین الاقوامی خلائی سٹیشن سے پرواز شروع کیے ہوئے ساڑھے چھ گھنٹے ہو چکے تھے۔

خلیج میکسیکو میں موجود ٹیمیں کیپسول تک پہنچیں جس کے نصف گھنٹے بعد اسے عرشے پر منتقل کیا جا چکا تھا۔ یہ 1968 میں اپالو8 مشن کے بعد ناسا کی جانب سے رات میں کی گئی پہلی لینڈنگ ہے۔

کیپسول کھلنے کے بعد سب سے پہلے باہر آنے والے کمانڈر مائیکل ہوپکنز تھے، ان کے بعد ناسا کے خلا باز وکٹر گلوور عرشے پر پہنچے۔

ناسا کی جانب سے کی گئی ایک ٹویٹ میں ہوپکنز کا کہنا تھا کہ ’ہم کریو ون اور اپنے اہلخانہ کی جانب سے آپ سب کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ جب لوگ اکٹھے ہوں تو جو کچھ حاصل کیا جا سکتا ہے وہ مزے دار ہوتا ہے۔ مبارک ہو، آپ سب دنیا کو بدل رہے ہیں، واپس پہنچنا بہت اچھا ہے‘۔