Monday, May 6, 2024

5 جولائی 1977 کو جمہوری عوامی حکومت پر شبِ خون مارا گیا، بلاول بھٹو

5 جولائی 1977 کو جمہوری عوامی حکومت پر شبِ خون مارا گیا، بلاول بھٹو
July 5, 2021

کراچی (92 نیوز) چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کہتے ہیں کہ 5 جولائی پاکستان کی تاریخ کا سیاہ ترین دن، وزیر اعظم شہید ذوالفقار علی بھٹو کی زیرِ قیادت جمہوری طور منتخب عوامی حکومت پر شبِ خون مارا گیا۔ 

سانحہ 5 جولائی 1977 پر پیغام میں کہا کہ، شہید ذوالفقار علی بھٹو نے سقوط ڈھاکہ کے بعد ٹکروں میں بٹی ہوئی قوم کو متحد کیا۔ شہید بھٹو نے ان ٹکروں کو متحرک جمہوری نظام اور مضبوط معاشی ارادوں کے سائے تلے آپس میں جوڑ دیا تھا۔

اُنہوں نے کہا، شہید ذوالفقار علی بھٹو نے اتفاقِ رائے سے آئین کی منظوری کی سرپرستی کی، ریاست کو جمہوری بنایا۔ پاکستان کی میکرو اکانومی کی بنیادیں رکھیں، ہر پاکستانی کو شہریت اور پاسپورٹ کا حق دیا۔

اُن کا کہنا تھا کہ قائد عوام نے ملک کو ایٹمی طاقت بننے کی راہ پر گامزن کیا، چند سلیکٹڈ افراد تک محدود اقتدار کو چھین کر عوام کو اختیارات منتقل کیے اور انہیں بااختیار بنایا۔

بلاول بھٹو نے کہا، 5 جولائی 1977 کا مارشل لاء پاکستان کی عوام پر بدترین حملہ تھا، جس کو کئی دہائیاں گذرنے کے باوجود قوم تاحال بھگت رہی ہے۔1977 کی بغاوت نے عدم رواداری، انتہا پسندی اور دہشت گردی کے بیج بوئے اور ان کی آبیاری کی۔

اُنہوں نے کہا، شہید ذوالفقار علی بھٹو نے امت مسلمہ کو متحد کیا اور اپنے دوراندیش سیاسی تدبر سے عالم اسلام کی قیادت کی، آمروں کا مقابلہ کیا، اور بڑی بہادری کے ساتھ عوام کے حقوق کے لئے جنگ لڑی۔

اُن کا کہنا تھا کہ، شہید بینظیر بھٹو نے آمریت کے خلاف بھرپور اور دلیرانہ جدوجہد کی، ہم آج بھی پاکستان کی جمہوری بقا کے لئے لڑ رہے ہیں۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے ملک و قوم کے حقوق پر سمجھوتہ کرنے کے بجائے اپنی جان نچھاور کرنے کو ترجیح دی۔