Monday, May 6, 2024

خضدار: سخی شاہ بلاول نورانی کے مزار پر دھماکہ ،48 افراد جاں بحق

خضدار: سخی شاہ بلاول نورانی کے مزار پر دھماکہ ،48 افراد جاں بحق
November 12, 2016
خضدار(92نیوز)بلوچستان پھر دہشت گردوں کے نشانے پر آ گیا  خضدار میں شاہ نورانی  کے دربار میں  دھماکے  سے  48 افراد جاں بحق  اور 80سے زائد زخمی ہو گئے، کئی زخمیوں کی  حالت  تشویشناک  ہونے کے  باعث  اموات  بڑھنے کا خدشہ ہے ۔ تفصیلات کےمطابق  امن کے دشمنوں کا بزدلانہ وار خضدار میں معصوم زائرین کو بارود سے نشانہ بنادیا گیا  ، کراچی سے  ایک سو  بیس  کلومیٹر دورخضداراور لسبیلہ کے دشوار گزار پہاڑی سلسلےمیں عظیم روحانی شخصیت  سید سخی شاہ بلاول نورانی کا دربار ہےجہاں ہفتے کی شام خصوصی دھمال ہو رہی تھی کہ اچانک دھماکا ہو گیا۔ دھماکے کے باعث مزار میں چیخ  وپکار اور بھگدڑ مچ گئی جبکہ زخمی مدد کے لئے پکارتے رہے موبائل فون اور  آمد ورفت کا مناسب انتظام  نہ ہونے کی وجہ سے لوگوں کو رابطے میں مشکلات  رہی جس کی وجہ سے امدادی سرگرمیاں  تاخیر سے شروع ہوئیں ۔ وزیرداخلہ بلوچستان سرفراز بگٹی  نے زخمیوں کی  منتقلی کے لئے ہیلی کاپٹر نہ ہونے کا انکشاف کیا اور وفاق اور سندھ سے مدد کی درخواست  کردی  ۔   و اقعےکی اطلاع ملنے پر ایف سی اور لیویز اہلکار جائے دھماکے پر پہنچ  گئے جبکہ کراچی سمیت اردگرد کے شہروں سے درجنوں ایمبولینس اور طبی عملے کو دربار شاہ نورانی بھیج دیا گیاان کا مزدید کہنا تھا کہ اس سانحہ میں 48 افراد جاں بحق جبکہ 80 زخمی ہوئے ہیں ۔ ایدھی  ذرائع کے مطابق  دھماکے  سے  درجنوں  افرادجاں بحق اور زخمی ہوئے  جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ خصوصی دھمال میں شریک زیادہ تر  زائرین کا تعلق  کراچی   اور بلوچستان  سے تھا  جبکہ  لانڈھی  سے  تعلق رکھنے والے  بیس افراد سے ان کے اہل خانہ کا رابطہ نہیں ہو سکا ۔ واقعے کے فوری بعد اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی جبکہ  صوبے میں سکیورٹی سخت  کر دی گئی ۔ وفاقی اور بلوچستان حکومت نے واقعے کی رپورٹ  طلب کرلی  جبکہ  صدر  اوروزیر اعظم سمیت  آصف علی زرداری ،عمران خان اور دیگر سیاسی قائدین نے  دھماکے کی سخت  الفاظ  میں مذمت کی ہے۔