Thursday, April 18, 2024

37 فیصد زرمبادلہ کے ذخائر دو ماہ میں اڑ گئے، اسد عمر

37 فیصد زرمبادلہ کے ذخائر دو ماہ میں اڑ گئے، اسد عمر
May 15, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - رہنما پی ٹی آئی اسد عمر نے حکومت کو نشانے پر رکھ لیا۔ انہوں نے کہا 37 فیصد زرمبادلہ کے ذخائر دو ماہ میں اڑ گئے۔

اسد عمر نے کہا معاشی بحران دن بدن خطرناک ہو رہا ہے۔ 37 فیصد زرمبادلہ کے ذخائر دو ماہ میں اڑ گئے۔ ملک میں فیصلہ سازی منجمد اور مہنگائی کی شرح گیارہ سال کی بلند ترین سطح پر ہے۔ موجودہ حکومت کے آتے ہی لوڈشیڈنگ شروع ہو گئی۔ انہوں نے کہا وزیراعظم فیصلے کرنے کی ہمت نہیں رکھتے۔ غیریقینی کی صورتحال معیشت کیلئے زہر ہے۔ فیصلے عوام پر چھوڑ دیں کسی کو دخل اندازی کی ضرورت نہیں۔

رہنما پی ٹی آئی اسد عمر نے مفتاح اسماعیل کو پٹرول 137 روپے لٹر والا بیان بھی یاد دلا دیا، بولے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک روپیہ اضافہ بھی برداشت نہیں کریں گے۔ وزیراعظم شہباز شریف میں فیصلہ کرنے کی ہمت نہیں ہے۔ وہ اسحاق ڈار، نواز شریف اورآصف زرداری کی طرف دیکھ رہے ہیں۔ ہمارا ایک ہی مطالبہ ہے ،الیکشن کرائیں اور عوام کو فیصلہ کرنے کا موقع دیا جائے۔