Friday, April 26, 2024

32 لاکھ لوگ گیس کے اضافی بلوں سے متاثر ہوئے،حکومت ڈھائی ارب روپے واپس کرے گی ، فواد چودھری ،

32 لاکھ لوگ گیس کے اضافی بلوں سے متاثر ہوئے،حکومت ڈھائی ارب روپے واپس کرے گی ، فواد چودھری ،
March 19, 2019

 اسلام آباد (92 نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے کہا 32 لاکھ لوگ گیس کے اضافی بلوں سے متاثر ہوئے،حکومت ڈھائی ارب روپے واپس کرے گی۔

 وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں 30 نکاتی ایجنڈے کے متعدد نکات کی منظوری دے دی گئی۔ کابینہ اجلاس کے حوالے سے میڈیا بریفنگ کے دوران وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری کا کہنا تھا کہ 32 لاکھ شہری گیس اووربلنگ سے متاثر ہوئے،جنہیں اڑھائی ارب روپے واپس کیے جائیں گے۔

 فواد چودھری کا کہنا تھا کہ سدھو کی درخواست پر کرتارپور کی 30 ایکڑ زمین پر کوئی تعمیر نہیں کی جائے گی۔ فواد چودھری کا کہنا تھا کہ جہانگیرترین نے کابینہ کو زرعی اصلاحات پر بریفنگ دی،290 ارب روپے زراعت پر خرچ کریں گے۔

 فواد چودھری نے بتایا کہ کابینہ اجلاس میں شہدائے نیوزی لینڈ کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملائیشین وزیراعظم مہاتیر محمد 23 مارچ کو پاکستان آئیں گے۔ کابینہ نے ملائیشیا کے ڈپلومیٹک پاسپورٹس پر ویزا کی شرط ختم کر دی۔

فواد چودھری کا کہنا تھا کہ کفایت شعاری مہم کے تحت کابینہ کا انٹرٹینمنٹ اور گفٹ بجٹ ختم کردیا گیا ہے جبکہ مختلف اداروں کے سربراہان کی تقرری کا طریقہ کار بھی وضع کردیا  گیا ہے۔ وزیراطلاعات نے بتایا کہ احتساب عدالت نمبر 2 راولپنڈی کو اسلام آباد شفٹ  بھی کردیا گیا ہے۔

فواد چودھری کہتے ہیں کابینہ اجلاس میں وزرا کے بیرونی دوروں پر بھی بات ہوئی۔ انٹرٹینمنٹ اور گفٹ بجٹ ختم کردیا گیا۔ ملک جن معاشی حالات کا شکار ہے اس کا احساس کرنا چاہیے۔ اسد عمر سے تلخ کلامی کے سوال پر بولے ان سے بھائیوں جیسا تعلق ہے، کابینہ میں باتیں ہوتی رہتی ہیں، ایسی کوئی بات نہیں۔