Tuesday, April 16, 2024

لاہور ملتان روڈ پر مشروبات بنانے والی فیکٹری میں آتشزدگی، ایک راہگیر جاں بحق

لاہور ملتان روڈ پر مشروبات بنانے والی فیکٹری میں آتشزدگی، ایک راہگیر جاں بحق
October 21, 2021 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) لاہور ملتان روڈ پر مشروبات بنانے والی فیکٹری میں آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا۔ دھماکے سے ایک راہگیر جاں بحق ہو گیا۔

لاہور میں ملتان روڈ پر مشروبات بنانے والی فیکٹری میں بوائلر پھٹنے سے آگ لگ گئی۔ بوائلر پھٹنے سے تینتیس سالہ راہ گیر یاسین جاں بحِق جبکہ فیکٹری مینیجر شبیر شدید زخمی ہو گیا۔ ریسکیو حکام کے مطابق آتشزدگی کی وجہ سے شبیر کا پچاس فیصد جسم جھلس گیا۔ فیکٹری میں لاکھوں کا سامان جل کر راکھ بن گیا۔

ریسکیو ٹیموں نے کئی گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پا لیا۔ بوائلر پھٹنے سے قریبی گھروں کو بھی شدید نقصان پہنچا۔ عینی شاہدین کے مطابق فیکٹری میں بوائلر پھٹنے سے زوردار دھماکہ ہوا جس کے بعد یکے بعد دیگرے کئی دھماکے ہوئے۔ قریبی گھروں کے مکینوں نے کہا کہ رہائشی علاقے میں فیکٹریاں نہیں ہونی چاہئیں۔

وزیراعلی عثمان بزدار نے فیکٹری میں آگ لگنے کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر لاہور ڈویژن اور سیکرٹری لیبر سے رپورٹ طلب کر لی۔