Friday, March 29, 2024

وزیراعلی پنجاب نے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف لینگویچ، آرٹس اینڈ کلچر میں کیلی گرافی نمائش کا افتتاح کر دیا

وزیراعلی پنجاب نے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف لینگویچ، آرٹس اینڈ کلچر میں کیلی گرافی نمائش کا افتتاح کر دیا
October 19, 2021 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے لاہور میں عشرہ شان رحمت للعالمینﷺ کی مناسبت سے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف لینگویچ، آرٹس اینڈ کلچر میں کیلی گرافی نمائش کا افتتاح کر دیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی قذافی سٹیڈیم میں پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف لینگویچ،آرٹس اینڈ کلچر آمد ہوئی۔ انہوں نے عشرہ شان رحمت اللعالمینؐ کی مناسبت سے انسٹی ٹیوٹ میں کیلی گرافی نمائش کا افتتاح کیا۔ پاکستان کے ساتھ ایران کے آرٹسٹوں کے فن پارے بھی نمائش میں رکھے گئے ہیں۔ نمائش میں 100سے زائد کیلی گرافی کے فن پارے رکھے گئے ہیں۔ نمائش 30 ربیع الاول تک جاری رہے گی۔

عثمان بزدار نے کیلی گرافی کے خوبصورت فن پارے دیکھے اور خطاطی کے خوبصورت فن پاروں میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ انہوں نے خط کوفی میں ایران کے آرٹسٹوں کے فن پاروں کی خصوصی تعریف کی اور خطاط کے فن کو سراہا۔

وزیراعلیٰ نے نامور مصور اسلم کمال کے میورل پینٹنگ کا بھی افتتاح کیا۔ میورل پینٹنگ میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور اسلم کمال کے تخلیقی فن کو سراہا۔

وزیراعلیٰ کو ایک آرٹسٹ نے کلمہ طیبہ لکھ کر پاکستان کے نقشے کی تصویر پیش کی۔ پاکستان کا نقشہ بنانے کی تصویر میں 1443 بار کلمہ طیبہ لکھا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے آرٹسٹ کے فن کی تعریف کی اور ان کے کام کو سراہا۔ نوجوان آرٹسٹ نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی منفرد انداز میں بنائی تصویر وزیراعلیٰ کو پیش کی۔ وزیراعلیٰ نے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف لینگویچ، آرٹس اینڈ کلچر کے مختلف شعبوں کا بھی دورہ کیا۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کیلی گرافی قدیم اسلامی روایت ہے۔ مسلمانوں نے کیلی گرافی میں نمایاں مقام حاصل کیا۔ ہماری حکومت کیلی گرافی کے فروغ کیلئے نوجوان خطاط کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے۔ صوبائی وزیرثقافت خیال احمد کاسترو، سیکرٹری اطلاعات، ڈی جی پیلاک، ڈی جی پی آر اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔