Saturday, April 27, 2024

نان ایکٹو ٹیکس گزاروں کے موبائل فون، گیس اور بجلی کنکشن کاٹنے کا فیصلہ

نان ایکٹو ٹیکس گزاروں کے موبائل فون، گیس اور بجلی کنکشن کاٹنے کا فیصلہ
October 18, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) نان ایکٹو ٹیکس گزاروں کے خلاف بڑی کارروائی ہوگی، موبائل فون، گیس اور بجلی کنکشن کاٹنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ ایف بی آر نے پینل تشکیل دیدیا، ٹیکس ریٹرن جمع نہ کرانے والوں کو بھی 1000 روپے یومیہ جرمانہ ہوگا۔

نان ایکٹو ٹیکس گزاروں کے خلاف ایکشن لینے کے لیئے پینل تشکیل دے دیا گیا۔ نان ایکٹئو ٹیکس گزاروں کے موبائل فون، گیس اور بجلی کنکشن منقطع کیے جائیںگے۔ ذرائع ایف بی آر کے مطابق پینل کی تشکیل کے لیے انکم ٹیکس آرڈیننس میں ترمیم کردی گئی ہے۔

نان ایکٹئو ٹیکس گزاروں کی سروس معطل کرنے کے لیے جنرل آرڈر جاری کیا جائے گا۔ یہ آرڈر ایف بی آر اور ٹیکس کمشنرز جاری کرسکیں گے۔ وارننگ نوٹس آرڈر دفعہ 114 کے تحت جاری کیا جائے گا۔ نوٹس ملنے پر ٹیکس ریٹرن بمعہ پینلٹی مقرر مدت کے اندر داخل کرانے کی اجازت ہوگی۔ ڈس کنکشن نوٹس کی میعاد گزرنے پر نان ایکٹو ٹیکس گزاروں کے خلاف کارروائی ہوگی۔

دوسری جانب ریٹرن 15 دسمبر تک جمع نہ کرانے والوں کو یومیہ 1000 روپے پینلٹی دینا ہوگی۔ یہ پینلٹی ریٹرن جمع کراتے ہوئے لازمی ادا کرنی ہوگی۔ ٹوٹل ٹیکس کا 0.1 فیصد بھی پینلٹی کے طور پر ادا کیا جاسکتا ہے۔

دستاویز کے مطابق75  فیصد آمدنی تنخواہ سے کمانے والوں پر تاخیری ریٹرن جمع کرانے کی صورت میں ٹیکس کی 200 فیصد سے زیادہ پینلٹی نہیں ہوگی۔ 50 ہزار تک آمدنی والوں کو بھی 200 فیصد سے زیادہ جرمانہ نہیں دینا پڑے گا۔