Saturday, April 27, 2024

شہباز شریف اور مولانا فضل الرحمٰن میں ٹیلیفونک رابطہ، مہنگائی کیخلاف تحریک چلانے کا فیصلہ

شہباز شریف اور مولانا فضل الرحمٰن میں ٹیلیفونک رابطہ، مہنگائی کیخلاف تحریک چلانے کا فیصلہ
October 17, 2021 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) شہباز شریف اور مولانا فضل الرحمٰن میں ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس میں مہنگائی کیخلاف تحریک چلانے کا فیصلہ کیا گیا۔

اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے حکومت سے قیمتوں میں اضافہ واپس لینے کا مطالبہ کر دیا۔ انہوں نے کہا حکومت کی جانب سے پہلے ہی مہنگائی کر دی گئی جبکہ آئی ایم ایف سے مذاکرات ناکام ہو گئے۔ آئی ایم ایف کی تمام شرائط پہلے مان لیں پھر بھی مذاکرات ناکام ہوگئے، یہ ہے حکومت کی حکمت عملی۔

اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ تین سال آئی ایم ایف کی اندھی تابعداری اورمہنگائی سے عوام کو لہولہان کر دیا اور نتیجہ صفر نکلا؟ وزیر خزانہ کو سینیٹر بنوانے میں عمران نیازی نے جتنی دلچسپی لی، شوکت ترین نے بھی اتنی ہی دلچسپی سے مذاکرات کئے۔

دوسری جانب قائد ن لیگ سے شہباز شریف اور مولانا فضل الرحمٰن کا ٹیلی فونک رابطہ ہوا جس میں مہنگائی کے خلاف تحریک چلانے کا فیصلہ کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق قائدین کے درمیان دیگر اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ مل کر حکومت کے خلاف احتجاجی تحریک چلانے پر اتفاق کیا گیا۔

شہباز شریف نے ٹویٹ کیا کہ حکومت اپنی نااہلی کے نتیجے میں مسلسل مایوسی اور انتشار پھیلا کر ریاست اور اس کے شہریوں کے درمیان رشتہ کمزور کر رہی ہے۔