Wednesday, April 24, 2024

عمران خان نے صرف عوام کو رلانے کا وعدہ پورا کیا، مریم نواز

عمران خان نے صرف عوام کو رلانے کا وعدہ پورا کیا، مریم نواز
October 16, 2021 ویب ڈیسک

فیصل آباد (92 نیوز) مریم نواز کا کہنا ہے عمران خان نے صرف عوام کو رلانے کا وعدہ پورا کیا۔

پی ڈی ایم نے فیصل آباد میں سیاسی طاقت کا مظاہرہ کیا۔ مریم نواز نے حکمرانوں پر تنقیدی وار کرتے ہوئے کہا پٹرولیم مصنوعات مہنگی کرنا افسوسناک ہے۔ ہر کوئی بنی گالا میں نہیں رہتا۔ نہ ہر کسی کے پاس اے ٹی ایمز ہوتی ہیں جو کچن چلائیں۔ آج گھروں میں بیٹھی خواتین، مرد اور بچے عمران خان کو جھولیاں اٹھا اٹھا کر بددعائیں دے رہے ہیں۔ حکمران اتنے زیادہ بے حس ہیں کہ 12 روپے لٹر پٹرول پر بڑھا کر بھی احسان کرتے ہیں کہ صرف 12 روپے قیمت بڑھائی ہے۔ ان کے وزراء کہتے ہیں کہ ایک روٹی کم کھا لو اور صبر کرو۔

مریم نواز نے کہا ہماری چارج شیٹ صرف عمران خان نہیں بلکہ سرکاری عہدے کا غلط استعمال اور ادارے کا چہرہ داغدار کرنیوالے کے خلاف بھی ہے ۔ عمران خان تم نے صرف عوام کو رلانے کا وعدہ پورا کیا۔

 ادھر مولانا فضل الرحمٰن نے فیصل آباد میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا حکمرانوں کا اپنے مخالفین کے احتساب کا ڈرامہ ختم ہو چکا۔ اب پی ڈی ایم حکمرانوں کا احتساب کرے گی۔

 انہوں نے کہا معیشت گر جائے تو ریاست وجود کھو بیٹھتی ہے ۔ سوویت یونین کی مثال سب کے سامنے ہے۔ ملکی بقا کے لئے ہر ادارے کو آئینی ذمہ داری پوری کرنی ہو گی۔ ملکی بقا اسی میں ہے کہ نااہل حکمرانوں کو بے دخل کرکے اقتدار چھین لیا جائے۔