Friday, March 29, 2024

ڈینگی کے ’’ ڈنگ ‘‘ کم نہ ہوئے، پنجاب میں مزید 402 افراد مرض میں مبتلا

ڈینگی کے ’’ ڈنگ ‘‘ کم نہ ہوئے، پنجاب میں مزید 402 افراد مرض میں مبتلا
October 16, 2021 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) ڈینگی کے ڈنگ کم نہ ہوئے، پنجاب میں مزید 402 افراد ڈینگی کے مرض میں مبتلا ہوگئے۔

صوبائی دارالحکومت لاہور میں سب سے زیادہ 319 کیسز سامنے آئے۔ اسلام آباد میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 152 شہری ڈینگی کا شکار ہوئے۔

وفاقی دارلحکومت اسلام آباد میں ڈینگی کیسز میں روز بروز اضافہ ہونے لگا، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر اسلام آباد کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ افراد ڈینگی سے بیمار ہوئے۔ ایک دن میں 152 شہری ڈینگی بیمار ہوئے، مجموعی کیسز کی تعداد 2 ہزار کے قریب پہنچ گئی۔

ڈی ایچ او کے مطابق اسلام آباد کے دیہی علاقوں میں 1161 افراد ڈینگی سے متاثر ہوئے جبکہ شہری علاقوں میں ڈینگی کے 640 کیس رپوٹ ہو چکے ہیں۔ اسلام آباد میں ڈینگی سے سب سے زیادہ متاثرہ علاقے "ترلائی" ہے، ترلائی میں ڈینگی کے 563 کیس رپورٹ ہو چکے ہیں۔

ڈی ایچ او راولپنڈی کے مطابق شہر میں رواں سال ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد 1424 ہو چکی ہے۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 59 مریض راولپنڈی کے الائیڈ اسپتالوں میں داخل ہوئے۔ ہولی فیملی اسپتال میں 33، بینطیر اسپتال میں17  اور ڈی ایچ کیو اسپتال میں 9 مریض داخل ہوئے، راولپنڈی میں ڈینگی سے پانچ مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

ادھر دوسری جانب خیبرپختونخوا میں بھی ایک روز میں ڈینگی سے مزید 229 افراد بیمار پڑ گئے۔ عوام نے حکومت سے انسداد ڈینگی اقدامات تیز کرنے کا مطالبہ کردیا۔