Wednesday, April 24, 2024

ٹیکس اپیلوں کے حتمی فیصلوں تک کوئی متنازعہ ایکشن نہ لیا جائے، ایف بی آر

ٹیکس اپیلوں کے حتمی فیصلوں تک کوئی متنازعہ ایکشن نہ لیا جائے، ایف بی آر
October 14, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) ایف بی آر نے ٹیکس کمشنروں کو ہدایات جاری کی ہیں کہ ٹیکس گزاروں کے خلاف سخت اقدامات سے گریز کیا جائے۔ ٹیکس اپیلوں کے حتمی فیصلوں تک کوئی ایکشن نہ لیا جائے۔

ایف بی آر نے ٹیکس حکام کو ٹیکس گزاروں کے خلاف سخت اقدامات سے  روک دیا۔ ذرائع ایف بی آر کے مطابق ٹیکس حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ  ٹیکس گزاروں کے ساتھ غیر ضروری مقدمہ بازی سے گریز اور ٹیکس اپیلوں کے حتمی فیصلوں تک کوئی متنازع ایکشن نہ لیا جائے۔ ہر چیف کمشنر کے تحت اپیلوں سے نمٹنے کے لیئے کمیٹی بھی قائم کی جائے۔

ایف بی آر کی جانب سے یہ ہدایات ٹیکس نادہندگان کے بنک اکائونٹس اٹیچ کرنے کے قانون کی بحالی کے بعد جاری کی گئیں۔ ٹیکس حکام کو یہ بھی ہدایت کی گئی ہے مختلف عدالتوں میں ٹیکس مقدمات پر اٹھنے والے اخراجات بچائے جائیں۔ صرف انتہائی ضروری ٹیکس معاملات میں اپیلوں کے خلاف عدالتی کارروائی کی جائے۔ قواعد وضوابط کی خلاف ورزیوں پر نوٹس بازی کا سلسلہ روکا جائے اور عدالتی کارروائی میں ابہام سے بھی گریز کیا جائے۔