Thursday, April 25, 2024

ایرانی چیف آف جنرل اسٹاف کی آرمی چیف سے ملاقات، افغانستان کی صورتحال پر گفتگو

ایرانی چیف آف جنرل اسٹاف کی آرمی چیف سے ملاقات، افغانستان کی صورتحال پر گفتگو
October 14, 2021 ویب ڈیسک

راولپنڈی (92 نیوز) ایرانی چیف آف جنرل اسٹاف میجر جنرل محمد باقری نے جی ایچ کیو اور جوائنٹ چیفس اسٹاف ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات میں افغانستان کی صورتحال، علاقائی سلامتی، سرحدی انتظام سمیت مختلف امور پر گفتگو ہوئی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں ممالک کے مابین دفاعی تعاون کو مزید وسعت دینے ، علاقائی امن کیلئے مل کر کام کرنے اور دہشتگردی کے مشترکہ دشمن کے خلاف  مشترکہ ردعمل پر اتفاق کیا گیا۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان اور ایران دو برادر ملک ہیں۔ ایرانی چیف آف جنرل سٹاف نے پاک، ایران فوجی تعلقات مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایران انسداد دہشتگردی اور تربیتی شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینا چاہتا ہے۔

جوائنٹ سٹاف ہیڈکوارٹرز آمد پر ایرانی چیف آف جنرل سٹاف کو تینوں مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا سے ملاقات میں دونوں ممالک کے مابین فوجی روابط، تعلقات میں وسعت کے عزم کا اظہار کیا کیا اور اتفاق کیا گیا کہ مشترکہ سرحدیں "امن اور دوستی کی سرحدیں" ہونی چاہیے۔

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی نے کہا کہ پاکستان اور ایران قریبی فوجی، تذویراتی تعاون کے لیے پرعزم ہیں۔ ایرانی وفد نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی قربانیوں کا اعتراف کیا۔