Sunday, October 17, 2021
English News آج کا اخبار براہراست نشریات(UK) براہراست ٹی وی
English News آج کا اخبار
براہراست نشریات(UK) براہراست ٹی وی

شاہ محمود قریشی کا نیوزی لینڈ کی ہم منصب سے ویڈیو لنک پر رابطہ، باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت

شاہ محمود قریشی کا نیوزی لینڈ کی ہم منصب سے ویڈیو لنک پر رابطہ، باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت
October 13, 2021 --- ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا نیوزی لینڈ کی ہم منصب سے ویڈیو لنک پر رابطہ ہوا جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت کی گئی۔

نیوزی لینڈ کی وزیر خارجہ ننایا مہوٹا کا وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے ساتھ بذریعہ ویڈیو لنک رابطہ ہوا۔ دونوں وزرائے خارجہ کے مابین دو طرفہ تعلقات ،علاقائی اور افغانستان کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔

وزیر خارجہ نے افغانستان میں سلامتی، استحکام اور اجتماعیت کے حامل سیاسی تصفیے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا افغانستان میں ابھرتے انسانی بحران سے نمٹنے اور افغانستان کی انسانی و معاشی معاونت کیلئے عالمی برادری کو ٹھوس اقدامات اٹھانا ہوں گے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ افغانوں کو تنہائی کا شکار نہ ہونے دیا جائے۔

وزیر خارجہ نے نیوزی لینڈ کی وزیر خارجہ کو کابل سے انخلاء کے عمل میں پاکستان کی جانب سے فراہم کردہ معاونت سے آگاہ کیا ۔ انہوں نے کہا پاکستان نے 37 ممالک کے 21 ہزار باشندوں، سفارتی عملے اور میڈیا نمائندگان کو کابل سے انخلاء میں مدد فراہم کی۔

نیوزی لینڈ کی وزیر خارجہ نے مختلف ممالک کے شہریوں کو کابل سے انخلاء میں مدد فراہم کرنے پر پاکستان کی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔ وزیر خارجہ نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی قابض افواج کی جانب سے جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا ۔ شاہ محمود قریشی نے کہا ہم نے حال ہی میں بھارتی قابض افواج کے سنگین جنگی جرائم کے ٹھوس شواہد پر مبنی "ڈوزئر" عالمی برادری کے سامنے پیش کیا ہے۔  

وزیر خارجہ نے فیٹف کے حوالے سے پاکستان کی جانب سے اٹھائے گئے موثر اقدامات سے نیوزی لینڈ کی وزیر خارجہ کو آگاہ کیا۔ وزیر خارجہ نے نیوزی لینڈ کی وزیر خارجہ کے ساتھ کرکٹ ٹیم کی واپسی کے یکطرفہ فیصلے کا معاملہ اٹھایا اور کہا اس یکطرفہ فیصلے سے دونوں ممالک میں کرکٹ شائقین کی دل آزاری ہوئی۔

تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لیے فوری اطلاع کی اجازت دیں

آپ کسی بھی وقت دائیں طرف نیچے بیل آئیکن پر صرف ایک کلک کے ذریعے آسانی سے سبسکرائب کر سکتے ہیں۔