Wednesday, April 24, 2024

کرک مندر حملہ، ملزموں سے ایک ماہ میں رقم وصولی کا حکم

کرک مندر حملہ، ملزموں سے ایک ماہ میں رقم وصولی کا حکم
October 13, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) کرک مندر حملے پر ازخود نوٹس کی سماعت میں سپریم کورٹ نے ملزموں سے ایک ماہ میں رقم وصولی کا حکم دے دیا۔

سپریم کورٹ میں کرک مندر نذر آتش کرنے سے متعلق از خود نوٹس کیس کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے کرک مندر جلانے میں ملوث ملزمان سے ایک ماہ  میں  تین کروڑ 30 لاکھ روپے وصول کرنے کا حکم دے دیا اور کہا کہ  چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا تمام ملزمان سے نقصان کے ازالے کے لیے رقم وصول کریں ۔

دوران سماعت کے پی حکومت نے ملزمان سے رقم وصول کرنے پر اعتراض عائد کیا ۔ ایڈووکیٹ جنرل کے پی نے کہا کہ ابھی ملزمان کیخلاف ٹرائل چل رہا ہے ۔ اگر ٹرائل کے بعد کوئی فرد بے گناہ پایا گیا تو اس سے وصول کی گئی رقم کا کیا ہو گا ۔ جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ ایڈوکیٹ جنرل صاحب سوچ سمجھ کر بات کریں یہ عدالت کا حکم ہے ۔

دوران سماعت ملزم رحمت سلام خٹک نے کہا کہ کیس میں اس سمیت سو افراد کو بے گناہ گرفتار کیا گیا ہے ۔

ایڈووکیٹ جنرل نے بتایا کہ مندر کی تعمیر کا کام مکمل ہو چکا ہے ۔ جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ اقلیتی برادری جتنا چاہے اپنی جگہ پر عبادت گاہ کو توسیع دے سکتی ہے ۔ اگر ہندو برادری چاہتی ہے کہ پورے کرک میں مندر بنانا ہے تو بنا سکتے ہیں ۔

عدالت نے کیس کی سماعت ایک ماہ کے لیے ملتوی کر دی ۔