Saturday, October 16, 2021
English News آج کا اخبار براہراست نشریات(UK) براہراست ٹی وی
English News آج کا اخبار
براہراست نشریات(UK) براہراست ٹی وی

ایون فیلڈ ریفرنس سے متعلق اپیلوں کی سماعت17 نومبر تک ملتوی

ایون فیلڈ ریفرنس سے متعلق اپیلوں کی سماعت17 نومبر تک ملتوی
October 13, 2021 --- ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ میں ایون فیلڈ ریفرنس سے متعلق اپیلوں کی سماعت 17 نومبرتک ملتوی ہو گئی۔

جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی نے اپیلوں پر سماعت کی۔ مریم نواز کے وکیل عرفان قادر ایڈووکیٹ نے دلائل کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ پہلے نیب نے اپیل کا تیس دن میں فیصلہ کرنے کی درخواست دی۔ اب ضمانت منسوخی کی درخواست دائر کی ہے۔

جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیئے کہ آج کل تو نیب ہر ایک کو پکڑ لیتا ہے۔ ثبوت ہو یا نہیں اب نیب والے بھی تھانے کی طرح ہی چلتے ہیں۔ ضمانت منسوخی کی درخواست آج سماعت کیلئے مقرر ہی نہیں۔

وکیل نے کہا کہ فوجداری مقدمے میں تھوڑا سا شک ہو تو فائدہ ملزم کو جاتا ہے۔ ایون فیلڈ ریفرنس میں تھوڑا نہیں بہت زیادہ شک ہے۔ جس ٹرسٹ ڈیڈ کی بنیاد پر کہا گیا مریم نواز پر اپرٹیز کی بینیفشل اونر ہیں۔ اس کا کوئی ثبوت عدالت میں پیش ہی نہیں کیا گیا۔ مریم نواز اور نوازشریف کی ملکیت کا کوئی دستاویزموجود نہیں۔

نیب پراسیکیوٹر سردار مظفر عباس نے کہا کہ یہ اپارٹمنٹ آف شور کمپنی نیلسن اور نیسکول کے ذریعے خریدے گئے۔ جسٹس عامرفاروق نے اپارٹمنٹس سے اپیل کنندگان کا تعلق اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر سے متعلق کہا کہ دیکھنا ہے ریکارڈ پر کیا چیز ہے اور پراسیکیوشن نے کیا ثابت کیا؟

عدالت نے وکیل کے اٹھائے گئے سوالات پر نیب جوابی دلائل طلب کرتے ہوئے سماعت 17 نومبرتک ملتوی کر دی۔

تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لیے فوری اطلاع کی اجازت دیں

آپ کسی بھی وقت دائیں طرف نیچے بیل آئیکن پر صرف ایک کلک کے ذریعے آسانی سے سبسکرائب کر سکتے ہیں۔