Saturday, April 27, 2024

ڈی جی آئی ایس آئی کی تعیناتی وزیراعظم کا اختیار ہے، فواد چودھری

ڈی جی آئی ایس آئی کی تعیناتی وزیراعظم کا اختیار ہے، فواد چودھری
October 12, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ڈی جی آئی ایس آئی کی تعیناتی وزیراعظم کا اختیار ہے۔ وزیراعظم اور آرمی چیف میں بہت قریبی اور بہت خوشگوار تعلقات ہیں۔

وفاقی وزیر فواد چودھری نے سوشل میڈیا پر پھیلی خبروں کی تردید کردی، انہوں نے میڈیا بریفنگ میں کہا کہ وزیر اعظم آفس کبھی ایسا قدم نہیں اٹھا ئے گا جس سے پاک فوج اور سپہ سالار کی عزت میں کمی ہو۔ مزید بولے نئے ڈی جی آئی ایس آئی کے تقرر کے لیے تمام آئینی اور قانونی تقاضے پورے کیے جائیں گے۔ ڈی جی آئی ایس آئی کے معاملے پر بہترین کردار ادا کرنے پر میڈیا کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا رحمۃ للعالمین اتھارٹی بچوں کے لیے تعلیمی نصاب کے حوالے سے کام کرے گی۔ نبی کریمﷺ سے محبت ہر مسلمان کے ایمان کا حصہ ہے۔ رحمۃ للعالمین اتھارٹی میں دنیا کے ٹاپ اسکالر شامل ہوں گے۔  رحمۃ للعالمین اتھارٹی نوجوانوں میں پیغمبراسلامﷺ کے اسوہ حسنہ اور عمل کو اجاگر کرے گی۔

اُن کا کہنا تھا ڈاکٹرعبدالقدیر کی آخری رسومات میں 15 سے زائد وفاقی وزراء شریک ہوئے تھے، یہ غلط تاثر دیا جارہا ہے کہ ڈاکٹرعبدالقدیر کی آخری رسومات میں وفاقی وزراء شامل نہیں ہوئے۔ سول و عسکری اعلیٰ ترین سطح پر لوگوں نے جنازے میں شرکت کی تھی۔ کابینہ اجلاس میں ڈاکٹرعبدالقدیر خان کے ایصال ثوات کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی۔

وزیر اطلاعات نے کہا کابینہ کا کوئی ایسا اجلاس نہیں جس میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین اور اووسیزپاکستانیوں کے ووٹ کے حق پر بات نہ کی ہو۔ ہم آج بھی اس بات پر قائم ہیں کہ اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ ڈالنے کا حق دیں گے۔ کابینہ کو ای وی ایم کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔

اُن کا کہنا تھا کہ اب تک بیرون ملک قید ہزاروں پاکستانیوں کو واپس لاچکے ہیں۔ شوکت ترین کے سینیٹ کے الیکشن میں حصہ لینے کے حوالے سے بات ہوچکی ہے۔ اس وقت تک آئینی و قانونی طریقے کے مطابق شوکت ترین اپنا کردار جاری رکھیں گے۔ اوورسیز کی منسٹری اس وقت وزیراعظم کے پاس ہی ہے۔ کل اسپیکر صاحب نے بتایا کہ اسپیکرآفس میں کسی کا بھی استعفیٰ نہیں پہنچا۔

فواد چودھری بولے کہ تحریک انصاف کی حکومت میں ایک بھی بھرتی میرٹ سے ہٹ کر نہیں کی گئی۔ اسلام آباد پر آئے روز مجمعے کی صورت یلغار کردی جاتی ہے، ہجوم سے نمٹنے کے لیے ایک نیا یونٹ قائم کیا جارہا ہے۔ یوٹیلیٹی اسٹورز پر پانچ لاکھ میٹرک ٹن گندم کی ضرورت ہے، تین لاکھ میٹرک ٹن فراہم کردی گئی ہے۔