Friday, March 29, 2024

وزیراعظم نے ڈی جی آئی ایس آئی کے نوٹیفیکیشن پر کابینہ ارکان کو اعتماد میں لیا

وزیراعظم نے ڈی جی آئی ایس آئی کے نوٹیفیکیشن پر کابینہ ارکان کو اعتماد میں لیا
October 12, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان نے ڈی جی آئی ایس آئی کے نوٹیفیکیشن پر کابینہ ارکان کو اعتماد میں لیا۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، وزیراعظم نے ڈی جی آئی ایس آئی کے نوٹیفیکیشن پر کابینہ ارکان کو اعتماد میں لیاـ انہوں نے اس حوالے سے کہا معاملے کو غلط رنگ نہ دیا جائے، ہم سب ایک پیج پر ہیں۔

کابینہ نے رحمتہ للعالمین صلی اللہ علیہ وسلم اتھارٹی قائم کرنے کی منظوری دے دی۔ مظاہروں پر قابو پانے کے لیے اسپیشل رائٹس فورس کے قیام کی بھی منظوری دی۔ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی۔

کابینہ کو زرعی شعبوں میں اجارہ داری کے خاتمے اورپیداواربڑھانے کے لیے جدید طریقہ کارپر بریفنگ دی گئی۔ کے ٹو ائیرویز کے ڈومیسٹک لائسنس کی تجدید اور سیال ائیر ویز لیمٹڈ کے ڈومیسٹک و انٹرنیشنل لائسنس کے تجدید کی منظوری دی گئی۔ مختلف وزارتوں، ڈویزنز میں خالی آسامیوں بارے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ پیش کی گئی۔

وفاقی کابینہ نے سی پیک کیٹیگری کے ویزہ میں اتھارٹی کو بطور اہم سٹیک ہولڈر شامل کرنے اور افغان شہریوں کی پاکستان آمد کے لیے ویزہ فیس میں کمی کی منظوری دی۔

کابینہ نے سرکاری میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں داخلے کے لیے میرٹ کا نظام وفاقی ریگولیٹر کے ماتحت کرنے کی منظوری اور ای سی سی کے فیصلوں کی توثیق کردی۔ سمندر پار پاکستانیوں کے لیے پاور آف اٹارنی کے اجرا کے لیے آٹومیشن نظام متعارف کرانے کی بھی منظوری دے دی گئی۔