Wednesday, May 8, 2024

لاہور کے علاقہ جوہر ٹاؤن میں خاتون وکیل کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا

لاہور کے علاقہ جوہر ٹاؤن میں خاتون وکیل کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا
October 12, 2021 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) لاہور کے علاقہ جوہر ٹاؤن میں خاتون وکیل کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا۔ پولیس کے مطابق خاتون وکیل عقیلہ سبحانی کو 4 گولیاں لگیں۔

کار میں سوار ٹیکس وکیل سجاد قریشی کی اسسٹنٹ عقیلہ سبحانی اورنگزیب پر موٹرسائیکل سوار نے فائرنگ کر دی۔ گولیاں لگنے سے شدید زخمی خاتون اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسی۔ لاش پوسٹمارٹم کیلئے مردہ خانے منتقل کر دی گئی۔ پولیس کی بھاری نفری بھی مردہ خانے کے باہر پہنچ گئی۔

وکیل سجاد قریشی نے پولیس کو ابتدائی بیان دیا کہ روزانہ اپنی اسسٹنٹ عقیلہ سبحانی کو گھر سے پک اینڈ ڈراپ کرتا تھا۔ صبح گھر سے لینے گیا تو ایک موٹرسائیکل سوار سامنے آ گیا اور فائرنگ کر دی۔

ایس پی صدر حمزہ امان نے بتایا کہ خاتون پر نائن ایم ایم پسٹل سے فائرنگ کی گئی۔ مقتولہ کے خاوند اورنگزیب نے بتایا کہ عقیلہ پر موٹرسائیکل سوار نے تین فائر کیے۔ سکیورٹی گارڈ محمد اسلم نے بتایا کہ 30 سالہ شخص دو دن سے ریکی کر رہا تھا۔

وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے قتل کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ملزموں کی جلد گرفتاری کا حکم دے دیا۔ انہوں نے پولیس حکام کو ہدایت کہ قتل میں ملوث ملزمان کو قانون کی گرفت میں لا کر مزید کارروائی کی جائے۔

سی سی پی او لاہورغلام محمود ڈوگر نے سیف سٹی کیمروں کی مدد سے ملزموں کی فوری گرفتاری کا حکم دے دیا۔