Thursday, April 25, 2024

داعش سے چھٹکارے کیلئے طالبان واحد اور بہترین آپشن ہیں، وزیراعظم عمران خان

داعش سے چھٹکارے کیلئے طالبان واحد اور بہترین آپشن ہیں، وزیراعظم عمران خان
October 11, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا داعش سے چھٹکارے کیلئے طالبان واحد اور بہترین آپشن ہیں، دنیا کو ہر صورت افغان حکومت سے بات کرنی چاہئے۔

وزیراعظم عمران خان نے غیرملکی میڈیا کو انٹرویو میں کہا امریکا کو افغانستان کی صورتحال سے دھچکا لگا، امریکا کو قائدانہ کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا پاکستان چاہتا ہے دنیا افغان عوام کو تنہا نہ چھوڑے، وہاں حالات کشیدہ ہوئے تو اثرات دور تک جائیں گے۔ طالبان کو بھی صورتحال سنبھالنے کے لیے مؤثر اقدامات اٹھانا ہوں گے۔

عمران خان کا کہنا ہے نائن الیون کے بعد پاکستان کو قربانی کا بکرا بنایا گیا، امریکی ڈرون حملوں میں نقصان سے ہمارے لوگ کالعدم ٹی ٹی پی میں شامل ہوئے۔ ٹی ٹی پی کو پاکستان سے دھکیل دیا ہے، ہم کسی مسلح تنازع کا دوبارہ حصہ نہیں بنیں گے۔ ہم ایسے گروہوں سے بات کررہے ہیں جو صلح چاہتے ہیں، جو نہیں مانیں گے انکے خلاف حکومت کارروائی کرے گی۔

انہوں نے کہا دنیا کو سمجھنا ہوگا کہ مسئلہ کشمیر نیوکلیئر فلیش پوائنٹ ہے، بھارت ہم پر الزامات لگاتا ہے مگر ثبوت نہیں دیتا۔ مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں اور بھارت میں اقلیتوں سے جو کچھ ہورہا ہے ساری دنیا کے سامنے ہے۔ اس پر اقوام متحدہ اور عالمی ممالک بات کیوں نہیں کرتے، وزیراعظم عمران خان کا سوال، کہا کشمیریوں کو یواین قراردادوں کے مطابق حق خود ارادیت کی اجازت ملنی چاہئے۔

وزیراعظم بولے کہ اسلام امن کا دین ہے، اس کا دہشت گردی سے کوئی تعلق نہیں، آزادی اظہاررائے کے نام پر مذہب کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔ یہی اسلاموفوبیا ہے، مغرب کی قیادت کو مسلمانوں کے جذبات کا احترام کرنا چاہئے۔ مزید کہا کہ پاکستان میں ماحولیاتی تبدیلیوں کےلیے اقدامات کررہے ہیں، آئندہ ماہ لندن میں شیڈول ماحولیاتی کانفرنس میں شرکت کا سوچ رہا ہوں۔