Thursday, March 28, 2024

پنجاب، اسلام آباد اور خیبرپختونخوا میں ڈینگی کے کیسز میں مسلسل اضافہ

پنجاب، اسلام آباد اور خیبرپختونخوا میں ڈینگی کے کیسز میں مسلسل اضافہ
October 9, 2021 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) پنجاب، اسلام آباد اور خیبرپختونخوا میں ڈینگی کے کیسز میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ لاہور کے اسپتالوں میں ڈینگی کے مریضوں کیلئے جگہ ختم ہونے لگی، سندھ بھی ڈینگی سے متاثر ہورہا ہے جہاں 44نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔

ڈینگی مچھر کے وار کم نہ ہوسکے، ملک بھر میں سیکڑوں افراد ڈینگی بخار میں مبتلا ہوگئے۔ لاہور سمیت پنجاب میں متاثرہ افراد کی تعداد میں اضافہ ہوگیا، چوبیس گھنٹے کے دوران پنجاب میں 299 نئے کیس سامنے آگئے۔ لاہور کے اسپتالوں میں ڈینگی مریضوں کیلئے جگہ ختم ہوچکی ہے، اسپتالوں میں 91 فیصد بستر ڈینگی کے مریضوں کیلئے مختص کردیئے گئے۔

جناح اور گنگارام اسپتال میں 100 فیصد بستروں پر ڈینگی کے مریض ہیں۔ میو اسپتال کے 94 فیصد بستروں پر ڈینگی کے تشویشناک مریض زیرعلاج ہیں۔ چلڈرن اسپتال میں2، سروسز اسپتال میں 8 مریضوں کی گنجائش باقی رہ گئی۔

کوآرڈینیٹر انسداد ڈینگی پروگرام پنجاب پروفیسر اسد اسلم کا کہنا ہے ڈینگی کا پھیلاؤ روکنے کیلئے سب کو کردار ادا کرنا ہوگا۔

خیبرپختونخوا میں 304 افراد ڈینگی کا شکار ہوگئے، پشاور کے نواحی علاقوں میں بھی مریضوں کی تعداد بڑھ گئی۔ کیسز بڑھنے پر شہریوں نے اسپرے کرنے کا مطالبہ کردیا۔

اسلام آباد میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد ایک ہزار تیس ہو گئی، ایک دن میں اٹھانوے افراد ڈینگی سے متاثر ہوئے، اب تک وائرس 5 زندگیاں نگل چکا ہے۔