Tuesday, April 23, 2024

قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس، وزیراعظم کی افغانستان میں خصوصی سیل قائم کرنے کی ہدایت

قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس، وزیراعظم کی افغانستان میں خصوصی سیل قائم کرنے کی ہدایت
October 8, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس ہوا، وزیراعظم نے افغانستان میں حکومتی کوششوں کوہم آہنگ کرنے کیلئے خصوصی سیل قائم کرنے کی ہدایت کردی۔

قومی سلامتی کمیٹی نے افغانستان میں عدم استحکام پاکستان کیلئے نقصان دے قرار دیا، خطے کی ابھرتی صورتحال کو انتہائی پیچیدہ قرار دے دیا۔

وزیراعظم نے افغانستان میں حکومتی کوششوں کوہم آہنگ کرنے کےلیے خصوصی سیل قائم کرنے کی ہدایت کردی۔ سیل انسانی امداد کے عالمی روابط میں میں کردار ادا کرے گا۔ مؤثر بارڈر مینجمنٹ اور کسی بھی پراپیگنڈہ کو روکنے کا کام کرے گا۔

اسلام آباد میں لگی بڑی بیٹھک میں وفاقی وزرا، مسلح افواج کے سربراہان، اور ڈی جی آئی ایس آئی نے شرکت کی۔ اعلامیے کے مطابق اجلاس میں ملکی داخلی اوربیرونی سیکیورٹی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم کو افغانستان کی موجودہ صورتحال سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

کمیٹی نے افغانستان کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عالمی برادری سے تعاون پر زور دیا۔ اجلاس کے شرکا کا کہنا تھا کہ پاکستان پرامن،مستحکم اور خودمختار افغانستان چاہتا ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے افغانستان کی صورتحال سے متعلق مربوط پالیسی کی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا اور افغانستان سے انخلا کی بین الاقوامی کوششوں میں پاکستان کی حمایت پر اطمینان کا اظہار کیا۔