Thursday, March 28, 2024

قندوز، نمازِ جمعہ کے دوران مسجد میں دھماکہ، 43 افراد جاں بحق،100 زخمی

قندوز، نمازِ جمعہ کے دوران مسجد میں دھماکہ، 43 افراد جاں بحق،100 زخمی
October 8, 2021 ویب ڈیسک

قندوز (92 نیوز) افغان شہر قندوز میں نماز جمعہ کے دوران مسجد کے اندر دھماکے کے نتیجے میں 43 افراد جاں بحق اور 100 زخمی ہوگئے۔ 

طالبان کے افغانستان پر کنٹرول کے بعد بھی دہشتگردی کے واقعات نہ تھم سکے۔ افغانستان کے مختلف شہروں میں تسلسل کے ساتھ خودکش دھماکوں اور دہشت گردی کی کارروائیوں میں اضافہ ہوگیا۔

دہشت گردی کا تازہ واقعہ شمالی افغانستان کے شہر قندوز میں پیش آیا، جہاں ایک مسجد میں نماز جمعہ کے دوران دھماکہ ہوا۔ مقامی رہائشیوں کا کہنا ہے کہ وہ مسجد میں نماز جمعہ ادا کر رہے تھے کہ اس دوران زوردار دھماکے کی آواز سنائی دی۔

طالبان نے مسجد کا کنٹرول سنبھال کر سرچ آپریشن شروع کردیا۔ عینی شاہدین کے مطابق جاں بحق افراد کی تعداد 50 سے زائد ہے۔

طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے مسجد میں دھماکے اور متعدد افراد کے جاں بحق اور زخمی ہونے کی تصدیق کی۔

اس سے پہلے 3 اکتوبر کو افغانستان کے دارالحکومت کابل میں عید گاہ مسجد کے قریب میں ہونے والے بم دھماکے میں دو افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے تھے۔