Saturday, April 20, 2024

پاکستان مخالف بھارت کی الزام تراشی، دشمنی پر مبنی پالیسی کا حصہ ہے، دفتر خارجہ

پاکستان مخالف بھارت کی الزام تراشی، دشمنی پر مبنی پالیسی کا حصہ ہے، دفتر خارجہ
October 7, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار نے کہا پاکستان کے خلاف بھارت کی الزام تراشی، دشمنی پر مبنی پالیسی کا حصہ ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار نے ہفتہ وار بریفنگ میں کہا ہندوستان کے فالس فلیگ آپریشنز اور جعلی کارروائیاں دنیا کے سامنے بھی بےنقاب ہوچکیں۔ کسی بھی جارحیت کے خلاف دفاع کی ہر ممکن صلاحیت رکھتے ہیں۔

اُنہوں نے کہا مقبوضہ کشمیر میں بھارت یکطرفہ اقدامات خطے کے امن کیلئے خطرہ ہیں۔ بھارتی قابض فورسز کی جانب سے معصوم کشمیریوں کا قتل عام جاری ہے۔ نجیب لون سمیت صرف ستمبر میں 14 کشمیریوں کو شہید کیا گیا۔ 5 اگست 2019ء کے بعد سے 440 شہید کر دئیے گئے۔

عاصم افتخار بولے کہ 3 اکتوبر کو پانچ سو ہندوؤں نے چرچ پر حملہ کیا۔ انتہاء پسند ہندووں کی طرف سے مسلمانوں اور دیگر مذاہب پر حملے جاری ہیں۔ بی جے پی اور آر ایس ایس سوچ کی وجہ سے بھارت میں اقلیتوں پر حملے جاری ہیں۔ آسام میں مسلمانوں پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ اس سے قبل کہ بہت دیر ہو دنیا بھارت کی ان حرکتوں کا نوٹس لے۔

اُن کا کہنا تھا امریکی نائب وزیر خارجہ وینڈی شرمن آج اور کل پاکستان کا دورہ کریں گی۔ دورے کے دوران پاک امریکا دو طرفہ تعلقات اور علاقائی صورت حال پر تبادلہ خیال ہو گا۔ بلوچستان، ہرنائی میں زلزلے سے قیمتی جانی نقصان پر شدید دکھ ہے۔