Friday, April 19, 2024

ن لیگ نے نیب آرڈیننس کو حکومتی کرپشن کے خلاف این آر او قرار دے دیا

ن لیگ نے نیب آرڈیننس کو حکومتی کرپشن کے خلاف این آر او قرار دے دیا
October 7, 2021 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) ن لیگ نے نیب آرڈیننس کو حکومتی کرپشن کے خلاف این آر او قرار دے دیا۔ شاہد خاقان عباسی کہتے ہیں ٹیکس چوری اور اثاثے چھپانے پر نیب سوال نہیں کرسکے گا۔ خواجہ آصف نے کہا ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کے مطابق موجودہ دور میں کرپشن بڑھی۔

شاہد خاقان عباسی نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہاججوں کے تقرر اور تبادلے کا اختیار بھی حکومت کے پاس چلا گیا ۔ نیب قانون آمر نے بنایا، آرڈیننس کے ذریعے تبدیل کیا جا رہا۔ مہنگی ترین ایل این جی خریدی گئی لیکن کوئی سوال نہیں کر سکتا۔ پنڈورا پیپرز میں شامل 700 افراد سے بھی کوئی سوال نہیں پوچھ سکے گا۔ ٹیکس چوری اور اثاثے چھپانے پر نیب سوال نہیں کر سکے گا ۔ کابینہ فیصلوں سے 800 ارب روپے کے نقصان پر بھی نیب کچھ نہیں کر سکتا۔

لیگی رہنما خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کے مطابق موجودہ دور میں سب سے زیادہ کرپشن بڑھی ۔ یہ پاکستان کی تاریخ کے کرپٹ ترین حکمران ہیں ۔ کالے قانون پر مزید کالک مل کر اپوزیشن کو ٹارگٹ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ یہ حکومت ریاست میں انتشار والے اقدامات اٹھا رہی ہے ۔ نیب ترمیمی آرڈیننس دو لوگوں کو سامنے رکھ کر بنایا گیا ۔ ایک کرپٹ حکومت میں بیٹھے لوگوں کو بچانا اور دوسرا اپوزیشن ارکان کے خلاف من پسند ججز سے فیصلے لینا ہے۔