Thursday, April 25, 2024

کوئٹہ سمیت بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں 5.9 شدت کا زلزلہ، 20 افراد جاں بحق

کوئٹہ سمیت بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں 5.9 شدت کا زلزلہ، 20 افراد جاں بحق
October 7, 2021 ویب ڈیسک

کوئٹہ (92 نیوز) کوئٹہ سمیت بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں 5.9 شدت کا زلزلہ آیا جس میں 20 افراد جاں بحق اور تین سو سے زائد زخمی ہو گئے۔

بلوچستان کے ضلع ہرنائی میں صبح تین بجکر ایک منٹ پر آنے والے شدید زلزلے نے تباہی مچا دی۔ ریکٹر سکیل پر 5.9 شدت کے زلزلے سے 100 سے زائد مکانات اور عمارتوں کو نقصان پہنچا ۔ چھتیں اور دیواریں گرنے سے 20 افراد جاں بحق جبکہ 200 سے زائد زخمی ہو گئے۔ زخمی اور جاں بحق ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق اسکا مرکز ہرنائی تھا تاہم پشین، قلعہ سیف اللہ، کوئٹہ اور سبی سمیت بلوچستان کے مختلف اضلاع میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے۔ واقع کی اطلاع ملتے ہی فوری طور پر ضلع ہرنائی میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچنا شروع ہو گئی۔

زخمی ہونے والے افراد کو فوری طور پر پہلے ڈسٹرکٹ اسپتال ہرنائی منتقل کیا گیا جبکہ شدید زخمی ہونے والے افراد کو کوئٹہ کے مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔ محکمہ پی ڈی ایم اے کی جانب سے زلزلے سے ہونے والی لینڈ سلائیڈنگ اور منہدم ہونے والے مکانات کی بحالی اور ریسکیو کے لئے بھی ٹیمیں موقع پر پہنچیں جبکہ کنٹرول روم قائم کر کے علاقے کی مانیٹرنگ شروع کر دی گئی۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق ریسکیو آپریشن مکمل ہونے کے بعد بحالی کا کام شروع کیا جائے گا۔

پاک فوج اور فرنٹیئر کور کی ٹیمیں بھی ریسکیو آپریشن میں حصہ لے رہی ہیں۔ دو ہیلی کاپٹرز کے ذریعے شدید زخمی ہونے والے افراد کو کوئٹہ کے مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے۔ اب تک 20 سے زائد زخمی کوئٹہ کے سی ایم ایچ، ایف سی اور سول اسپتال منتقل کئے جا چکے ہیں۔ اسپتال انتظامیہ کے مطابق زخمیوں میں سے زیادہ کو سر اور جسم کے دوسرے حصوں پر شدید چوٹیں لگیں ہیں۔

وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال کے مطابق علاقے میں ایمرجنسی نافذ کر کے ریسکیو اور بحالی کا شروع کیا گیا ہے۔ محکمہ پی ڈی ایم اے کی جانب سے ہیلپ لائن نمبر جاری کیا گیا۔