Friday, April 19, 2024

حکومت کا پنڈورا پیپرز پر اہم فیصلہ، آف شور کمپنیاں بنانے والوں کی انکوائری کیلئے سیل قائم

حکومت کا پنڈورا پیپرز پر اہم فیصلہ، آف شور کمپنیاں بنانے والوں کی انکوائری کیلئے سیل قائم
October 5, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) حکومت نے پنڈورا پیپرز پر اہم فیصلہ کر لیا۔ بے نامی اثاثے اور آف شور کمپنیاں بنانے والوں کی انکوائری کیلئے سیل قائم کر دیا۔

ایف آئی اے، ایف بی آر اور نیب معاونت کریں گے۔ سیل پنڈورا لیکس میں شامل تمام افراد سے جواب طلبی کرے گا۔

نون لیگ اور پیپلزپارٹی نے انکوائری سیل مسترد کر دیا۔ نیر بخاری نے کہا پنڈورا پیپرز کے لئے تحقیقاتی سیل کا قیام حکومت کا دہرا معیار ہے۔ پنڈورا پیپرز کی تحقیقات کے لئے تحقیقاتی سیل اپنوں کو بچانے کا ایک طریقہ ہے۔ اپوزیشن سے صرف الزام کی بنیاد پر استعفی مانگنے والا اب اپنے لوگوں سے استعفیٰ کیوں نہیں لے رہا؟ وزیراعظم جے آئی ٹی تشکیل دیں اور تحقیقات مکمل ہونے تک اپنے کابینہ ارکان سے فوری استعفیٰ لیں۔ تحقیقاتی سیل کے ذریعے عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کا فیصلہ قبول نہیں۔

مسلم لیگ ن نے پنڈورا پیپرز پر جے آئی ٹی بنانے کا مطالبہ کر دیا۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا وزیر اعظم کے پاس تحقیقات کرنے کا کوئی اختیار نہیں۔ نواز شریف بھی جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوئے۔ پنڈورا پیپرز میں شامل افراد بھی جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوں ۔ سب  کے ساتھ ایک جیسا انصاف ہونا چاہیے۔