Thursday, April 25, 2024

پنڈورا لیکس کی شفاف تحقیقات ہونی چاہیئں، حمزہ شہباز

پنڈورا لیکس کی شفاف تحقیقات ہونی چاہیئں، حمزہ شہباز
October 5, 2021 ویب ڈیسک

ملتان (92 نیوز) مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز کا کہنا ہے پنڈورا لیکس کی شفاف تحقیقات ہونی چاہیئں۔

دورہ جنوبی پنجاب کے دوران حمزہ شہباز کے سیاسی حریفوں پر لفظی حملے جاری ہیں۔ حمزہ شہباز نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کے نئے پاکستان کا خواب چکنا چور ہو چکا ہے ۔ نیازی حکومت عوام کو ڈلیور کرنے میں ناکام ہو چکی ہے۔ پنڈورا لیکس کی شفاف تحقیقات کی جائیں اور ملوث وزرا فوری طور پر عہدوں سے مستعفی ہو جائیں۔

حمزہ شہباز نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت نے پچھلی حکومتوں سے زیادہ قرض لئے ۔ سی پیک کو آگے نہ بڑھانے پر دوست ملک چین بھی ناراض ہے ۔ نیازی حکومت نے 85 لاکھ لوگوں کو بیروزگار کیا۔ ان کی لڑائی کسی ادارے سے نہیں ، بلکہ وہ ملک دشمنوں کے خلاف لڑ رہے ہیں۔

ایک سوال کے جواب پر اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز نے کہا کہ صحت بہتر ہونے پر نواز شریف وطن واپس آ جائیں گے ۔ ہمارے خلاف منی لانڈرنگ ثابت نہیں ہوئی ۔ برطانوی ایجنسی نے 21 ماہ بعد شہباز شریف کو تمام الزامات سے بری کر دیا۔