Saturday, April 20, 2024

شاہ محمود قریشی کا کینین ہم منصب کو ٹیلی فون، سعودی عرب جانے کے منتظر پاکستانیوں کی معاونت کی درخواست

شاہ محمود قریشی کا کینین ہم منصب کو ٹیلی فون، سعودی عرب جانے کے منتظر پاکستانیوں کی معاونت کی درخواست
October 5, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کینیا کی ہم منصب ریچل اومامو کو ٹیلی فون کیا۔ شاہ محمود قریشی نے نیروبی میں موجود سعودی عرب جانے کے منتظر پاکستانیوں کی فوری معاونت کی درخواست کی۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کینین ہم منصب کے ساتھ ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے جس میں دو طرفہ تعلقات، تجارتی و اقتصادی تعاون، افغانستان کی ابھرتی ہوئی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ انگیج افریقہ پالیسی، ہماری حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ 

دوران گفتگو شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اگر افغانستان میں صورتحال مزید خراب ہوئی تو افغان مہاجرین کی یلغار سمیت بہت سے مضمرات سامنے آئیں گے ۔ وزیر خارجہ نے کینین ہم منصب کو نیروبی میں موجود سعودی عرب جانے کے منتظر پاکستانیوں کی فوری معاونت کی درخواست کی۔

کینین وزیر خارجہ نے پاکستانیوں کو جلد سعودی عرب بھجوانے کیلئے ہر ممکن معاونت فراہم کرنے کی یقین دہانی کروائی۔

دوسری جانب پاکستان میں تعینات قطری سفیر کی وزارتِ خارجہ میں شاہ محمود قریشی سے ملاقات ہوئی۔ دوران ملاقات دو طرفہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا ۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان، قطر کے ساتھ اپنے دو طرفہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔